Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کراٹے پلیئر طارق حامدی کے لیے پانچ ملین ریال انعام کا اعلان

طارق حامدی نے ٹوکیو اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر سپورٹس اور سعودی عربیئن اولمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے ٹوکیو اولمپک میں سلور میڈل جیتنے والے سعودی کراٹے پلیئر طارق حامدی کے لیےاعزاز اور پانچ ملین ریال انعام کا اعلان کیا ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے  کہا کہ’ کیونکہ ( طارق حامدی) ہم سب کی نظر میں ہیرو ہیں۔ ہمارے اولمپک چیمیئن کو ٹوکیو اولمپک 2020 میں ان کی شاندار کارکردگی، بہترین صلاحیتوں اور دنیا کے سٹارز کے سامنے ملک کی باوقار نمائندگی کرنے پر گولڈ میڈل اور پانچ ملین ریال کے انعام سے نوازا جائے گا۔‘
سعودی وزیر برائے سپورٹس نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ’ ہیرو، آپ اس کے مستحق تھے اور مستقبل آپ کا ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے نوجوان کراٹے پلیئر 23 سالہ طارق حامدی نے ٹوکیو اولمپکس میں کراٹےکے 75 کلوگرام پلس کے مقابلے میں سلور میڈل حاصل کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق طارق حامدی اپنے ایرانی حریف سجاد گنج زادہ سے جیت کے قریب تھے کہ پینلٹی کی وجہ سے وہ یہ تمغہ حاصل نہ کر سکے۔
طارق حامدی اپنے ایرانی حریف سے کامیابی کے قریب تھے کہ مقابلے کے دوران انہوں نے اپنے حریف کو ایک زور دار کک ماری جس پرسٹریچر پر رنگ سے باہر لے جانا پڑا۔ 
قبل ازیں سیمی فائنل میں جاپان کے ریوتارو  اراگا کو 0-2 سے شکست دینے کے بعد سعودی کراٹیکارز طارق حامدی فائنل میں پہنچے تھے۔

شیئر: