Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کراٹے چیمپیئن ٹوکیو اولمپک میں گولڈ میڈل کے لیے پر امید

ازبکستان میں سعودی عرب کے لیے سونے کا پہلا تمغہ جیتا تھا۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے کراٹے چیمپیئن طارق حمدی بین الاقوامی مقابلوں میں اپنے سونے کے تمغوں میں اضافہ کرنے کے حوالے سے پر امید ہیں۔
طارق حمدی ٹوکیو اولمپکس کے دوران 23 سال کے ہو جائیں گے۔ وہ سعودی عرب کے قومی دستے میں سب سے ڈیکوریٹیڈ ایتھلیٹ ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق 2009 میں 15 سال کی عمر میں کراٹے شروع کرنے کے بعد حمدی نے 2013 میں ازبکستان میں منعقدہ ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں سعودی عرب کے لیے سونے کا پہلا تمغہ جیتا تھا۔
وہ 2015 میں جکارتہ کراٹے ورلڈ چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلے سعودی بنے۔
طارق حمدی نے 2017 میں 75  کلو گرام کیٹگری کے چار ٹورنامنٹ میں سونے کے تمغے جیتے جن میں انڈونیشیا میں ایشین چیمپیئن شپ، کروشیا میں ہونے والا ورلڈ کپ، قزاقستان میں انڈر 23 ایشین چیمپیئن شپ اور ایشین سینئیر چیمپئن شپ شامل ہیں۔
انہیں 2017 میں ورلڈ موسٹ پرامسنگ کراٹے ایتھلیٹ آف دی ائیر کا خطاب ملا۔  طارق حمدی نے ایک سال بعد سپین میں ورلڈ لیگ، متحدہ عرب امارات میں ورلڈ پریمیر لیگ اور جکارتہ میں ایشین گیمز میں کانسی کے تین تمغے جیتے۔
انہوں نے 2019 میں ازبکستان میں منعقد ہونے والی ایشین سینئیر چیمپیئن شپ میں بھی طلائی کا تمغہ جیتا تھا۔

ٹوکیو 2020 کوالیفائرز میں اولمپکس میں اپنی جگہ بنائی تھی۔(فائل فوٹو عرب نیوز)

حمدی نے رواں سال کے اوائل میں فرانس میں کراٹے ٹوکیو 2020 کوالیفائرز میں طلائی تمغے کے ساتھ ٹوکیو اولمپکس میں اپنی جگہ بنائی تھی۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مارچ 2020 میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کو موخر کر دیا گیا تھا۔
یہ گیمز 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک منعقد ہونا تھیں تاہم نئے شیڈول کے مطابق اب یہ اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونا  ہیں۔

شیئر: