Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے ویتنام کے لیے 5 لاکھ ڈالر کی طبی امداد

ویتنام اس قیمتی تحفے کو سمجھداری سے استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے کنگ سلمان امدادی مرکز نے ویتنام کو  عالمی وبائی مرض کورونا  سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کی غرض سے پانچ لاکھ  ڈالر کی طبی امداد اور دیگر سامان بھیجا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ سلمان سنٹر کی جانب سے ویت نام میں سعودی سفارت خانہ کے امور کے نگران عبداللہ البصیر نے دارالحکومت ہنوئی میں ویتنام کے نائب وزیر صحت ٹرونگ کوک کوونگ کو یہ عطیہ پیش کیا ہے۔

مشکل وقت میں یہ امداد ویت نام میں کورونا مریضوں کے لیے انمول تحفہ ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

نائب وزیر صحت ٹرونگ کوانگ نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ویتنام  کی حکومت سعودی حکومت کی جانب سے خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے طور پر اس حمایت پر شکریہ ادا کرتی ہے۔
ٹرونگ کوانگ نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں یہ امداد  ویتنام میں موجود کورونا مریضوں کی جسمانی اور ذہنی طور پر حوصلہ افزائی کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قیمتی تحفے کو ویتنام کی وزارت سمجھداری سے استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ویتنام نے سعودی حکومت کی جانب سے اس انسانی ہمدردی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ (فوٹو روئٹرز)

انہوں نے مزید کہا کہ ویتنام کورونا کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی  طرف سے نافذ کیے گئے سخت اور موثر اقدامات سے انتہائی متاثر ہے۔
خاص طور پر جب سعودی عرب میں کورونا ویکسینیشن کی مہم تیزی سے چلائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ویتنام کو دی جانے والی یہ طبی امداد اس مدد کا حصہ ہے جو سعودی عرب کنگ سلمان سنٹرکے ذریعے مختلف ممالک کو وبائی امراض سے نمٹنے میں مددکے طور پر  فراہم کرتا ہے۔
 

شیئر: