Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرونی عمرہ زائرین کا پہلا کارواں کل کہاں سے سعودی عرب پہنچے گا؟

نئے عمرہ پروگرام کے تحت آن لائن مکمل عمرہ پیکیج حاصل کیا جاسکتا ہے- (فوٹو العربیہ)
بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کا پہلا کارواں کل جمعے کو سعودی عرب پہنچے گا- یہ بات حج و عمرہ و زیارت کی قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے بتائی-
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے العمیری نے بتایا کہ جمعے کو رات نو بجے نائجیریا سے عمرہ زائرین کا پہلا کارواں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا-
العمیری نے بتایا کہ عمرہ کمپنیوں اور اداروں نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنے کی تمام تیاریاں پہلے سے ہی کررکھی ہیں-
ایئرپورٹ سے لے کر ہوٹلوں اور پھر وہاں سے مسجد الحرام پہنچانے اور لانے تک کے تمام انتظٓامات کیے گئے ہیں- عمرہ زائرین کے لیے اعتمرنا ایپ کے ذریعے تاریخ اور وقت لے لیا گیا ہے- یہ  کام تربیت یافتہ اہلکاروں کے سپرد کیا گیا ہے- زائرین کے ہر گروپ کو حرم شریف پہنچا کر اپنی نگرانی میں عمرہ کرایا جائے  گا جبکہ مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے مدینہ منورہ پہنچانے کے انتظامات بھی کرلیے گئے ہیں-
العمیری نے بتایا کہ نئے عمرہ پروگرام کے تحت زائر آن لائن مکمل عمرہ پیکیج حاصل کرسکتا ہے جس میں ہوائی جہاز کا ٹکٹ، ٹرانسپورٹ ، ہوٹل، کھانا پینا اور عمرہ کمپنی یا ادارے کا تعین تک شامل ہے- تمام سہولیات آن لائن حاصل کی جاسکتی ہیں-
سعودی وزارت حج و عمرہ ملکی اور بین الاقوامی بکنگ پلیٹ فارم کی منظوری دیے ہوئے ہے- B2B سسٹم سے گروپ اور B2C سسٹم سے افراد بکنگ کراسکیں گے-
سعودی عمرہ کمپنیاں زائرین کو رہائش اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی خدمات فراہم کریں گی-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: