Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرانوالہ: طلبا کا ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ

پاکستان کے شہر گوجرانوالہ کے 13 سو طلبہ نے 60 سیکنڈ میں 50 ہزار پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ انڈیا کے پاس تھا۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ٹویٹ کیا  کہ ’ ویل ڈن گوجرانوالہ جہاں نوجوان اور مقامی افراد نے عمران خان کے ’10 بلین ٹری سونامی‘ کی کال پر ایک منٹ میں 52 ہزار پودے لگائے۔‘
گوجرانوالہ کے سرکاری اسکولوں کے ساڑھے بارہ ہزار طلبہ اور طالبات سہ پہر تین بجے سے پہلے ہی مقررہ جگہوں پر پہنچے۔ قومی ترانے کے بعد تین بجے سائرن بجائے گئے تو سب نے کمال مہارت سے مقررہ دورانیہ ختم ہونے سے پہلے ہی پودے لگائے اور ہاتھ کھڑے کرکے فتح کا اعلان کر دیا۔
اس منفرد عالمی ریکارڈ کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کیلئے تمام مناظر کی ڈرون کیمروں سے ریکارڈنگ کی گئی۔
پاکستان کی جانب سے عالمی ریکارڈ بنانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گوجرنوالہ کے طلبہ اور انتظامیہ کو سراہا جا رہا ہے۔
گوجرنوالہ کے طلبہ کی جانب سے عالمی ریکارڈ بنانے پر پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’پاکستان کو عالمی ریکارڈ بنانے پر مبارکباد۔ ہمارے گوجرنوالہ کے1300 طلبہ نے 60 سیکنڈز میں 50 ہزار پودے لگا کر عالمی رکارڈ قائم کیا ہے۔ دنیا میں اس طرح کی شروع کی جانے والی شجر کاری مہم میں پاکستان نے نیا رکارڈ قائم کیا ہے۔‘
ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ ٹوئٹر ہینڈل سے قائم کیے جانے والے اس علمی ریکارڈ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’ گوجرانوالہ نے جی ٹی روڈ گرین بیلٹ پر 50 ہزار پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
عین الف نامی ٹوئٹر صارف شجرکاری مہم اور عالمی ریکارڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ سب سے بڑا مسئلہ ہوگا ، درخت لگانے سے ہماری آنے والی نسلوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو روکنے میں مدد ملے گی۔
سوشل میڈیا صارف امبرین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اور پاکستان نے ایک منٹ میں پچاس ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا، شاباش بہت بہت گوجرانوالا۔
 

شیئر: