Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم آزادی پر شاہ سلمان اور ولی عہد کی صدرِ پاکستان کو مبارک باد

شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کے مبارک باد کے پیغامات میں پاکستان کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے صدر عارف علوی کو پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر مبارک باد کے پیغام بھجوائے ہیں۔
مملکت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی شاہی قیادت نے صدر عارف علوی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی پاکستان تسلسل کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
دونوں مسلم ممالک کے درمیان شروع سے ہی خوشگوار تعلقات رہے ہیں اور متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے مئی کے مہینے میں سعودی پاکستان سپریم کو آرڈی نیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مربوط کرنے سے متعلق ہے۔
اس سے قبل 2019 میں ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پاکستان اور سعودی عرب نے سرمایہ کاری سے متعلق کئی معاہدے بھی کیے تھے۔
مملکت 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور یہاں کام کرنے والوں کی ترسیلات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
پچھلے مالی سال کے دوران پاکستانی کارکنوں نے سعودی عرب سے سات ارب 60  کروڑ ڈالر اپنے گھروں کو بھجوائے۔
زندگی کے دیگر شعبہ جات میں تعاون کے علاوہ دونوں ممالک ماحولیات کے مسائل کے حوالے سے بھی ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔

شیئر: