Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی کا 14 اگست کو’تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کا دن‘ منانے کا اعلان

آر ایس ایس پاکستان کے یوم آزادی کو ’اکھنڈ بھارت دیواس‘ یعنی متحد انڈیا کے دن کے طور پر مناتی ہے (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ 14 اگست کو  ’تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کا دن‘ کے طور منایا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان نے انڈین وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کوئی جدید ریاست اتنی زیادہ تضادات نہیں رکھتی جتنی انڈیا کی نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت رکھتی ہے۔‘
سنیچر کو پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے مودی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’کتنی شرمناک بات ہے کہ ہندوتوا کا پرچار کرنے والے اور نفرت و تشدد پھیلانے والے کس طرح ڈھٹائی سے یکرفہ طور پر 1947 کی آزادی کے دوران ہونے والی ہجرت اور اس سے جنم لینے والے واقعات کی بات کرتے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تاریخ کو مسخ کرنا اور فرقہ واریت بی جے پی اور آر ایس ایس کا طرہ امتیاز ہے۔ وہ ان زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے الیکشن میں فائدہ اٹھانے کے لیے اور مخالفت کو ہوا دینے کے کسی بھی حد تک جائیں گے۔‘
’ہمیں یقین ہے کہ انڈیا میں اچھے جذبات رکھنے والے لوگ اس سیاسی اور پبلسٹی کے لیے کی جانے والی شعبدہ بازی کو رد کریں گے جو صرف تقسیم کو ہوا دیتی ہے۔‘
انڈیا کی آزادی کے دن سے ایک روز پہلے سنیچر کو انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’تقسیم کا غم بھلایا نہیں جا سکتا۔ نفرت اور تشدد کی وجہ سے ہمارے لاکھوں بہنوں اور بھائیوں کو نقل مکانی کرنی پڑی اور بہت سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔‘
انڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لوگوں کی قربانیوں اور کاوشوں کی یاد کے طور پر 14 اگست کو ’تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کا دن‘ کے طور پر منایا جائے گا۔‘
دوسری ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’یہ دن ہمیں سماجی تقسیم کے زہر اور غیر ہم آہنگی کی یاد دلاتا رہے گا اور یکجا ہونے، سماجی ہم آہنگی اور معاشرے کو بااختیار بنانے کے جذبے کو مضبوط کرتا رہے گا۔‘
نریندر مودی کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے محکمہ امور خارجہ کے انچارج وجے چاؤتھیا والا نے کہا کہ ’سب جانتے ہیں کہ تقسیم کی وجہ سے تشدد ہوا، لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے اور پاکستان سے آنے والوں کی قتل و غارت اور ریپ ہوئے۔‘
’یہ کہانیاں آج بھی زندہ ہیں اور اس دن کو منانا ان قربانیوں کو یاد کرنا ہے۔ تقسیم تاریخ کا المناک باب ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات کر کے بہت جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
آر ایس ایس پاکستان کے یوم آزادی کو ’اکھنڈ بھارت دیواس‘ یعنی متحد انڈیا کے دن کے طور پر مناتی ہے۔

شیئر: