Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام افغان فریق استحکام اور جان و مال کی سلامتی کے لیے کام کریں: سعودی عرب

سعودی وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ صورتحال جلداز جلد مستحکم ہو جائے گی (فوٹو: سبق)
سعودی عرب نے کہا ہے کہ ’افغانستان میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات پر احتیاط کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں۔ امید  ہے کہ صورت حال جلداز جلد مستحکم ہوجائے گی۔‘
سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’مملکت کی آرزو ہے کہ طالبان سمیت افغانستان کے تمام فریق ملک میں امن و امان، استحکام اور جان و مال کی سلامتی کے لیے کام کریں۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے افغان عوام کو بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کی ہے۔
بیان میں وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب برادر ملک افغانستان کے موجودہ حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور امید ہے کہ ملک میں امن و استحکام جلد از جلد بحال ہو جائے گا۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’دینی اخوت کی بنیاد پر سعودی عرب طالبان اور افغانستان کے تمام فریقین سے امید کرتا ہے کہ وہ جان و مال کی حفاظت اور امن و استحکام کا خیال رکھیں۔‘ 
سعودی عرب نے افغان بھائیوں کو یقین دلایا کہ وہ جو راستہ بھی کسی کی مداخلت کے بغیر اپنے طور پر منتخب کریں گے سعودی عرب کو اس حوالے سے اپنا حامی و مدد گار پائیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے اتوار کو کابل سے اپنے سفارتی اہلکار واپس بلا لیے تھے اور بیان میں کہا تھا کہ تمام سعودی سفارت کار بخیر و عافیت مملکت پہنچ گئے ہیں۔

شیئر: