Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک تارکین کے اقاموں اور خروج عودہ میں 30 ستمبر تک مزید توسیع

توسیع ان ممالک کے تارکین کے لیے ہے جہاں پابندی لگی ہوئی ہے۔(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر تارکین کے اقامہ، خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری ویزے) اور وزٹ ویزوں میں 30 ستمبر 2021 تک خودکار نظام کے تحت کسی فیس یا مقابل مالی کے بغیر توسیع شروع کردی ہے۔
اقامہ، خروج و عودۃ اور وزٹ ویزوں میں توسیع ان ممالک کے تارکین کے لیے کی جا رہی ہے جہاں سے مملکت آنے پر پابندی لگی ہوئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ وزیر خزانہ نے سعودی پالیسی کے مطابق اقاموں اور ویزوں میں توسیع سے متعلق ہدایات دی ہیں۔
بیان میں محکمہ پاسپورٹ نے اطمینان دلایا ہے کہ اقاموں اور ویزوں میں توسیع دفاتر سے رجوع کیے بغیر خودکار طریقے سے کی جارہی ہے۔
محکمہ اس حوالے سے نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے طریقہ کار کے مطابق توسیع کررہا ہے۔
بیان کے مطابق ’کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر جن ممالک سے سعودی عرب آمد پر پابندی ہے ان ممالک کے شہریوں کے اقاموں اور خروج و عودۃ ویزوں میں 30 ستمبر 2021 تک توسیع کی جارہی ہے‘۔
’بیرون مملکت موجود ان ویزہ ہولڈرز کے ویزوں میں بھی 30 ستمبر  2021 تک توسیع کی جارہی ہے جہاں سے کورونا وبا کے باعث آمد پر پابندی لگی ہوئی ہے‘۔ 
 سعودی عرب کورونا وبا کے اثرات سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ممکنہ حد تک بچانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
سعودی عرب مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کورونا ایس او پیز کی حکمت عملی پر کارفرما ہے۔
سرکاری پالیسی یہ  ہے کہ اقتصادی و مالیاتی نقصانات سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو جس حد تک بچایا جاسکتا ہے بچایا جائے۔

شیئر: