Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن کی پاکستان سمیت 10 ممالک کے مسافروں پر سفری پابندی میں توسیع

فلپائن کی 11 کروڑ آبادی میں سے 11 فیصد افراد مکمل طور پر ویکسین شدہ ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فلپائن نے پاکستان اور انڈیا سمیت 10 ممالک کے مسافروں پر اگست کے آخر تک سفری پابندی میں توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فلپائن کے صدارتی ترجمان نے جمعے کو بتایا کہ ’یہ فیصلہ کورونا وائرس کی انتہائی معتدی قسم ڈیلٹا میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔‘
فلپائن نے کورنا کیسز میں اضافے کے بعد 27 اپریل کو سفری پابندی عائد کی تھی اور اس میں مزید ممالک شامل کیے گئے تھے۔ ان میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، متحدہ عرب امارات، عمان، تھائی لینڈ، ملائشیا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔
فلپائن میں حکام کورونا وائرس کے چاہ ماہ کے دوران سب سے زیادہ سامنے آنے والے کیسز کو کنٹرول کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
جمعرات کو لگاتار دوسرے روز ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 12 ہزار سے زائد رہی، جبکہ کچھ علاقوں کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ ختم ہورہی ہے۔
ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی ٹاسک فورس نے سفری پابندیوں میں 16 اگست کے بجائے 31 اگست تک توسیع کی سفارش کی تھی جس کو صدر روڈریگو ڈیوٹریٹ نے منظور کردیا ہے۔  
ملک کا دارالحکومت منیلا ریجن، جس کے 16 شہروں میں ایک کروڑ 30 لاکھ افراد رہائش پزیر ہیں، اب بھی لاک ڈاؤن کی زد میں ہے تاکہ ڈیلٹا ویریئنٹ پر قابو پایا جاسکے جبکہ حکومت نے ملک میں ویکسینیشن کا عمل تیز کردیا ہے۔
فلپائن کی 11 کروڑ آبادی میں سے 11 فیصد افراد مکمل طور پر ویکسین شدہ ہیں۔
واضح رہے کہ فلپائن میں اب تک کورونا وائرس سے 29 ہزار 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے منیلا ریجن میں انتہائی نگہداشت یونٹس، آئسولیشن بیڈز اور وارڈز میں مزید مریضوں کے لیے جگہ ختم ہورہی ہے۔

شیئر: