Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کو بحران سے نکالنے کے لیے عالمی برادری متحد ہو: جی سیون

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’افغانستان کے بحران کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی کوشش کی ضرورت ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے افغانستان کے معاملے پر متحد ہو جائیں اس سے پہلے کہ یہ مسئلہ مزید سنگین ہوجائے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جی سیون کے وزرا بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ سب ایک مقصد کے لیے متحد ہو جائیں تاکہ افغانستان میں بحران کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔‘
جی سیون کے قیادت اس وقت برطانیہ کے پاس ہے اور ان ممالک میں امریکہ، اٹلی، فرانس، جرمنی، جاپان اور کینیڈا شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’افغانستان کے بحران کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی کوشش کی ضرورت ہے۔‘

افغانستان میں حکومتی کونسل قائم کی جاسکتی ہے: ممبر طالبان

دوسری طرف طالبان کے ایک سینیئر ممبر نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ ’افغانستان میں ایک حکومتی کونسل قائم کی جاسکتی ہے، جبکہ طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ مجموعی طور پر انچارج ہوں گے۔‘
طالبان کی فیصلہ ساز شوریٰ کے رکن وحید اللہ ہاشمی نے روئٹرز کو بتایا کہ ’طالبان سابق پائلٹوں اور افغان فوج کے پاس جائیں گے اور انہیں اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کوئی جمہوری نظام نہیں ہوگا کیونکہ اس کی ہمارے ملک میں گنجائش نہیں ہے۔ ہم اس پر کوئی بحث نہیں کریں گے افغانستان میں کس طرح کا نظام ہوگا۔ یہ بہت واضح ہے کہ یہاں شریعت نافذ ہوگی۔‘
وحید اللہ نے کہا کہ ’وہ اس ہفتے طالبان قیادت کے اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں گورننس کے معاملات پر بات چیت ہوگی۔‘
دوسری طرف جمعرات کو افغانستان کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی مظاہرین افغانستان کا جھنڈا لہراتے سڑکوں پر نکل آئے جس کے بعد ’طالبان کی ایک ہجوم پر فائرنگ‘ سے متعدد افراد کے ہلاک ہونے اطلاع ہے۔

طالبان رہنما وحید اللہ نے کہا کہ ’وہ اس ہفتے طالبان قیادت کے اجلاس میں شرکت کریں گے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ میں کابل کے اندر مردوں اور کچھ خواتین پر مشتمل ہجوم افغانستان کا جھنڈا لہرا کر ’ہمارا جھنڈا ہماری پہچان‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
کنڑ صوبے کے دارالحکومت اسعد آباد میں عینی شاہد محمد سلیم کا کہنا تھا کہ ’ایک ریلی کے دوران متعدد افراد ہلاک ہوئے لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ ان کے ہلاکت فائرنگ سے ہوئی یا بھگدڑ مچنے سے ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’متعدد افراد بھگدڑ اور طالبان کی فائرنگ سے ہلاک اور زخمی ہوئے۔‘

شیئر: