Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں طواف کے لیے 25، بزرگوں کے لیے چار ٹریک مختص

پانچسو سے زیادہ کارکن مختلف خدمات انجام دے رہے ہیں- (فوٹو ایس پی اے)
مقدس مساجد کی انتظامیہ  نے  زائرین کی سہولت کے لیے مطاف میں پچیس اور معذوروں نیز بزرگوں کے لیے چار ٹریک مختص کردیے ہیں-
ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ نے حرم شریف میں کورونا ایس او پیز کی پابندی کو یقینی  بنانے کے لیے مطاف، صفا اور مروہ کے درمیان سعی اور نمازوں کے لیے مصلے  پر خصوصی انتظامات کیے ہیں- اس کا اہتمام کیا گیا ہے کہ زائرین طواف، سعی اور نماز کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی اطمینان سے کرسکیں-
سیکریٹری قافلہ بندی انجینیئر نزار علاالدین نے بتایا کہ انتظامیہ کی قیادت نے سالہا سال کے  تجربے کو مدنظر رکھ کر متعدد اقدامات کیے ہیں- اسکالرز نے فیلڈ سروے کیے تھے جبکہ حرم شریف آنے جانے اور وہاں عمرہ و عبادت منظم شکل میں ادا کرنے کے حوالے سے مسلسل مطالعہ جات کے نتائج کو مدنظر رکھ کر نئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے-
علا الدین نے بتایا کہ سعودی عرب نے حج اور عمرہ سیزنوں کے دوران غیرمعمولی اژدحام کو کنٹرول کرکے پوری دنیا میں اپنی ساکھ بنالی ہے- مملکت میں ایسے سعودی نوجوان تیار ہوچکے ہیں جو زائرین کی سلامتی کو یقینی  بنانے کا ہنر رکھتے ہیں- وہ بھیڑ بھاڑ کو روکنے کا اچھا خاصا تجربہ حاصل کرچکے  ہیں-
علا الدین نے  بتایا کہ اجیاد، الشبیکہ، کدی اور باب علی پرعمرہ زائرین اور نمازیوں کو خوش آمدید کہا جارہا ہے- وہاں سے سپیشل ٹریکوں کے ساتھ انہیں طواف اور عبادت کے لیے بھیج دیا جاتا ہے- سماجی فاصلے کی پابندی کرائی جارہی ہے- پانچسو سے زیادہ کارکن یہ خدمات انجام دے رہے ہیں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: