Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو کو ’گھر واپسی پر خوش آمدید‘، ’کبھی خواب دیکھنا ترک نہ کرو‘

کرسٹیانو رونالڈو کی مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی پر مشہور فٹبال کھلاڑیوں نے بھی تبصرے کیے۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی 12 برس بعد انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی پر دنیا بھر میں ان کے مداح اور انگلش فٹبال کلب کے فینز سوشل میڈیا پر تبصروں کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
رونالڈو کو ٹوئٹر پر 9 کروڑ جبکہ انسٹاگرام پر 33 کروڑ افراد فالو کرتے ہیں۔
پرتگال کے سٹار کھلاڑی عموما انٹرنیٹ پر ٹرینڈ کرتے رہتے ہیں۔ رونالڈو کے ہر اعلان، میچ اور گول پر لاکھوں لوگ تبصرے کرتے ہیں۔
ان کے مانچسٹر یونائیٹڈ واپس جانے کے فیصلے پر کئی دلچسپ تبصرے ٹوئٹر پر دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
اسامہ ظفر نامی ایک مداح کا کہنا تھا کہ ’اولڈ ٹریفرڈ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی شرٹ پہنے رونالڈو کو کھیلتے دیکھنے کا مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا۔ لیکن بدقسمتی سے مجھے 11 ستمبر تک اس کا انتظار کرنا ہوگا۔‘ 
ایرون نامی ایک صارف لکھتے ہیں کہ ’صبح بخیر، کیا رونالڈو واقعی واپس آ رہا ہے یا میں کوئی خواب دیکھ رہا ہوں؟ مجھے یقین نہیں آرہا، کرسٹیانو رونالڈو گھر آ گیا ہے۔‘ ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’مانچسٹر یونائیٹڈ کو 12 سال بعد رونالڈو کا متبادل مل گیا۔‘ 

اریب نامی ایک مداح کا کہنا تھا کہ ’رونالڈو کو پوگبا اور برونو کے ساتھ کھیلتا دیکھنے کے لیے کافی پر جوش ہوں۔ 21 نمبر آ رہا ہے۔‘ 
کرسٹیانو رونالڈو کی مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی پر مشہور فٹبال کھلاڑیوں نے بھی ٹویٹ کیے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان ہیری میگوائر نے کہا کہ ’گھر واپسی پر خوش آمدید۔‘ 

سمی خدیرا نے اپنی اور رونالڈو کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی کے نئے باب کے لیے نیک تمنائیں میرے دوست۔‘ 
مانچسٹر یونایئٹڈ کے ہی برونو فرنینڈس نے تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کیپشن جمایا کہ ’کبھی خواب دیکھنے ترک نہ کرو۔‘ 

انگلش فٹبالر مارکس رشفورڈ کہتے ہیں کہ ’واہ واہ واہ، رونالڈو گھر آ گیا۔‘
یاد رہے کہ رونالڈو نے سنہ 2003 میں شہرہ آفاق فٹبال مینیجر سر ایلکس فرگوسن کی قیادت میں مانچسٹر یونائیٹڈ میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد وہ دنیائے فٹبال کے میگا سٹار بن گئے اور اب وہ 12 سال بعد دوبارہ مانچسٹر یونائیٹڈ میں کھیلتے نظر آئیں گے۔

شیئر: