Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ستمبر میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز کون سی؟

یہ تیسرا سیزن امریکی سیاست کے ہلا دینے والے واقعے یعنی سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے مواخذے کے گرد گھومتا ہے۔ (فوٹو: ایف ایکس ٹوئٹر)
ویب سیریز دیکھنے کے شوقین افراد کے لیے اس ستمبر بہت کچھ نیا آرہا ہے۔
ڈیجیٹل دور کی وجہ سے جہاں بہت کچھ بدل گیا ہے وہیں فلمیں اور ٹی وی شو دیکھنے کے شوقین افراد کی پسند بھی بدل گئی ہے۔
سنیما گھروں میں بڑے پردے پر پاپ کارن کی مہک کے ساتھ فلمیں دیکھنے کا رواج اب تھوڑا کم پڑ رہا ہے۔ اسی وجہ سے دنیا بھر کے مداح اب نیٹ فلکس اور ایمیزون پرائم پر فلمیں اور ویب سیریز دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
مداحوں کو سال بھر اپنے پسندیدہ شوز دیکھنے کا انتظار رہتا ہے اور شو آنے کے بعد اسے بنچ واچ یعنی ایک ہی نشست میں پورا شو دیکھنا ایک نیا فیشن ہے۔
گذشتہ ڈیڑھ سال سے کورونا وائرس کے باعث فلمیں اور ویب شوز ریلیز کے معاملے میں مسلسل تاخیر کا شکار تھے لیکن اب تمام انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئی ہیں۔
رواں سال ستمبر میں مداحوں کی شاندار تفریح کے لیے یہ چار اہم ویب سیریز آرہی ہیں جنھیں دیکھنے کے بعد سب کے انتظار کے غم مٹ جائیں گے۔

منی ہائسٹ

منی ہائسٹ کو کسی تعارف کی ضرورت نہیں ہے۔ ہسپانوی زبان میں بننے والی اس شہرہ آفاق سیریز نے پہلے سیزن سے ہی عوام کے دلوں میں جگہ بنا لی تھی۔
اس کے آخری سیزن کا پہلا والیم تین ستمبر کو ریلیز ہو رہا ہے۔ آخری سیزن دو حصوں پر مشتمل ہے جس کا پہلا حصہ ستمبر میں اور دوسرا حصہ تین دسمبر کو ریلیز ہوگا۔
شوبز کی دنیا میں یہ شو اس وقت ٹاپ ٹرینڈنگ میں ہے۔  منی ہائسٹ کے ہر دلعزیز پروفیسر کی جیت ہوگی یا سپین کی پولیس انھیں قابو میں کر لے گی؟ اس کا فیصلہ بس بہت جلد ہونے والا ہے۔

امپیچمنٹ: امریکن کرائم سٹوری

امریکی جرائم پر بننے والی کرائم تھرلر سٹوری کا یہ تیسرا سیزن امریکی سیاست کے ہلا دینے والے واقعے یعنی سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے مواخذے کے گرد گھومتا ہے۔
1998 میں پاؤلہ جونز نامی خاتون کے امریکی صدر بل کلنٹن پر جنسی ہراسانی کا الزام لگائے جانے کے بعد جب کلنٹن کے خلاف مواخذے کی تحریک چلائی گئی تھی۔ اسی سلسلے میں یہ شو سات ستمبر کو FX پر سٹریم ہونے کے لیے تیار ہے۔

مڈ نائٹ میس

مڈ نائٹ میس خوف اور وحشت میں ڈوبے ایک ویران جزیرے کی کہانی ہے جس کا مرکزی کردار پراسرار طاقتوں کا مالک ایک پادری ہے۔
ڈر اور خوف ہمیشہ سے ہی ہالی وڈ کی فلموں اور شوز کی خاص طرز رہی ہے جسے بے پناہ مقبولیت حاصل ہوتی ہے۔
مداح کیٹ سیگل اور زیک گلفورڈ کو 24 ستمبر سے نیٹ فلکس پر ایکشن میں دیکھ سکتے ہیں۔

امریکن رسٹ

فیملی کسی بھی انسان کے لیے سب سے اہم چیز ہوتی ہے۔ اسی بات کو دکھانے لیے 12 ستمبر کو امریکن رسٹ نامی ایک شو ٹی وی سکرینز کی زینت بننے والا ہے۔
امریکن رسٹ کی کہانی ایک ایسے پولیس افسر کی ہے جو تفتیش کے دوران اپنی محبوبہ کے بیٹے کو قتل میں ملوث پاتا ہے۔
ڈیل ہیرس (جیف ڈینیلز) کیا بغیر کسی جھکاؤ کے کیس کو سلجھا پائیں گے یا نہیں؟ اس کیس کا فیصلہ 12 ستمبر کو شو ٹائم پر ہوگا۔

شیئر: