Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں فلم کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کی گاڑی چوری

ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو برمنگھم گرینڈ ہوٹل کے باہر سے چوری ہوئی۔ فوٹو بشکریہ :دی سن
ہالی وڈ سپر سٹار ٹام کروز مشہور فلم ’مشن امپوسیبل‘ سیریز کی ساتویں فلم کی برطانیہ میں شوٹنگ کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی ساز و سامان سمیت چوری ہوگئی۔
برطانوی اخبار دی سن کے مطابق ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو ایکس سیون چوری ہو گئی، جس میں اداکار کے سامان کے علاوہ ہزاروں پاؤنڈ بھی موجود تھے۔
ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو مبینہ طور برطانیہ میں برمنگھم گرینڈ ہوٹل کے باہر سے چوری ہوئی جب اداکار فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔
اداکار کو جب گاڑی کی گمشدگی کا علم ہوا تو وہ شدید غصے میں آ گئے۔
بدھ کے روز اداکار کے باڈی گارڈ کو جب گاڑی ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی نظر نہیں آئی تو انہیں معلوم ہوا کہ گاڑی چوری ہو گئی ہے۔
بی ایم ڈبلیو میں الیکٹرانک ٹریکنگ سسٹم نصب ہونے کی وجہ سے پولیس کو گاڑی ڈھونڈنے میں مدد ملی، تاہم گاڑی میں موجود ٹام کروز کا سامان واپس نہیں مل سکا۔
اخبار نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ یہ سکیورٹی ٹیم کے لیے انہتائی شرمندگی کا مقام ہے۔
اس سے قبل ٹام کروز کو اداکارہ ہیلے آٹویل کے ساتھ برمنگھم کے شاپنگ سنٹر میں شوٹنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
فلم کی شوٹنگ کے لیے مال کا کچھ حصہ اتوار سے بدھ تک بند رکھا گیا۔ 

شیئر: