Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابہا ایئر پورٹ پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والا لانچنگ پیڈ تباہ

عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ صنعا  میں اس لانچنگ پیڈ  کو تباہ کردیا گیا جس سے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرحالیہ دو حملوں میں بارود بردار ڈرون بھیجے گئے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق لانچنگ پیڈ کو اس وقت تباہ کیا گیا جب اس سے ایک تیسرا بارود بردار ڈرون ابہا ایئرپورٹ پر حملے کے لیے بھیجے جانے والا تھا۔ اس موقع پر لانچنگ پیڈ کو آپریٹ کرنے والے بھی ہلاک ہوگئے۔
بریگیڈیئر ترکی المالکی نے بتایا کہ منگل کی صبح ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوسرے بارود سے لدے ڈرون حملے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا تھا تاہم ڈرون کے ملبے سے ایئرپورٹ کے احاطے میں موجود ایک کمپنی کے 8 کارکن زخمی ہوگئے۔

ایئرپورٹ کے گراؤنڈ میں موجود بعض مشینوں کو بھی نقصان ہوا ہے( فوڈو ایس پی اے)

زخمیوں میں ایک بنگلہ دیشی ہے جس کی حالت نازک ہے، دیگر تین جن میں دو کا تعلق انڈیا اور ایک کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے کی حات خطرے سے باہر ہے۔ چار کو معمولی زخم آئے ہیں- ان میں ایک سعودی، ایک نیپالی، ایک انڈین اور ایک بنگلہ دیشی ہے۔ 
ترجمان نے بتایا کہ دوسرے ڈرون کے ملبے سے ایئرپورٹ پر موجود ایک مسافر طیارے کو نقصان پہنچا جبکہ عمارت کے فرنٹ کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ایئرپورٹ کے گراؤنڈ میں موجود بعض مشینوں کو بھی نقصان ہوا ہے۔ 
المالکی نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کے دوسرے وحشیانہ حملے کا مقصد ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا اور منصوبہ بند طریقے سے جان بوجھ کر مختلف ممالک کے مسافروں کو زک پہنچانا تھا۔

زخمیوں میں ایک بنگلہ دیشی ہے جس کی حالت نازک ہے( فوڈو ایس پی اے)

عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان نے مزید کہا کہ حوثیوں کا رویہ یہ باور کرا رہا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون اور اس کے روایتی ضوابط کی خلاف ورزی پر کمر بستہ ہیں۔
یاد رہے کہ اتحادی افواج نے اس سے قبل کہا تھا  کہ ’ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا نے دو مرتبہ ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کرتے ہوئے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے‘۔

شیئر: