Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے یمن میں ایئربیس پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت

ایئر بیس پر حملے میں 30 فوجی ہلاک اور 60 زخمی ہوئے ہیں(فوٹو اےایف پی ، ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے یمنی صوبے لہج میں العند ایئربیس پر حوثیوں کے  دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو حوثیوں کے یمن کی سب سے بڑی ایئر بیس پر حملے میں کم از کم 30 فوجی ہلاک اور 60 زخمی ہوئے ہیں۔
یمن کی سدرن فورس کے ترجمان محمد النقیب نے بتایا تھا کہ حملہ عدن سے 60 کلومیٹر شمال میں واقع لہج کے علاقے میں قائم ایئربیس پر کیا گیا۔
 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے برادر ملک یمن سے مکمل یکجہتی اور تائید و حمایت کا اظہار کیا ہے۔
 مملکت نے اس حوالے سے اپنا روایتی موقف دہرایا اور کہا کہ ’حوثی دہشت گردوں کو اسلحہ کی مسلسل بھرپور سپلائی بند اور اندرون ملک اسلحہ کی ترسیل رکوائی جائے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حوثی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی نہ کریں‘۔ 
سعودی دفتر خارجہ نے یمنی بھائیوں اور یمن کی آئینی حکومت کی تائید و حمایت سے متعلق سعودی عرب کے موقف کو غیر متزلزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ  ہمارا نصب العین یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی اور یمن کی ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ 
 وزارت خارجہ نے ایئر بیس پر حملے میں ہلاک ہونے والوں کے سوگوار خاندانوں، یمنی حکومت و عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: