Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ: چھ ماہ کے دوران کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت

کورونا کا ایک کیس سامنے آنے پر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ میں چھ ماہ کے دوران کورونا وائرس سے پہلے متاثرہ شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو 90 سال سے زائد عمر کی خاتون کا کورونا سے انتقال ہوا ہے، تاہم متاثرہ خاتون دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا تھیں۔ نیوزی لینڈ میں چھ ماہ کے دوران کورونا سے ہونے والی یہ پہلی ہلاکت ہے۔
کورونا سے متاثرہ خاتون کی ہلاکت جمعے کو آکلینڈ کے ایک ہسپتال میں ہوئی تھی۔
اس موقع پر وزیراعظم  جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ’خاتون کی ہلاکت ایک افسوسناک یاد دہانی ہے کہ حفاظتی اقدامات اختیار کرنا کیوں انتہائی اہم ہے۔‘
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ’نیوزی لینڈ کی عمر رسیدہ آبادی اور وہ افراد جو دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں وائرس سے سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے۔‘
نیوزی لینڈ میں 16 فروری کے بعد کورونا سے ہونے والی یہ پہلی ہلاکت ہے جبکہ کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کے بعد سے اب تک 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
چھ ماہ کے وقفے سے اگست کے وسط میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے 782 کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر آکلینڈ شہر میں سامنے آئے تھے۔
آکلینڈ شہر میں نافذ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر شہروں میں پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس کے نئے ڈیلٹا ویریئنٹ پر قابو پایا جا رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 748 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 2 ہزار 971 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں وبا سے 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: