Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی الدیسہ میں سیاحوں کے لیے کیا ہے؟

یہاں کوفی رسم الخط میں چٹانوں پر تحریریں بھی کندہ ہیں- (فوٹو: ایس پی اے)
تبوک ریجن قابل دید سیاحتی مقامات اور سیر و تفریح کے لمحات گزارنے کے لیے موزوں پرکشش جگہوں سے مالا مال ہے- تبوک کا خوبصورت جمالیاتی نقشہ، ساحل، پہاڑ، وادیاں اور صحرا ایک سے بڑھ کر ایک ہیں- 
تبوک کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ یہاں مختلف قسم کے موسم ہوتے ہیں- جہاں مہم جو شہریوں اور سیاحوں کے لیے بہت کچھ ہے- 

ہر چٹان کی اونچائی دوسری سے مختلف ہے- (فوٹو: ایس پی اے)

ایس پی اے کے مطابق تبوک شہر سے 200 کلومیٹر دور مغرب میں تین وادیوں کا سنگم پایا جاتا ہے- یہ وادی الدیسہ کے نام سے معروف ہے- یہاں چٹانیں خوبصورت شکل میں دیکھنے کو ملتی ہیں- ہر چٹان کی اونچائی دوسری سے مختلف ہے- یہ منظر آنکھوں کو بھاتا ہے- یہاں پہاڑوں سے پھوٹنے والے آبشار اور ان کا پانی وادی میں آکر جمع ہوتا ہے یہ منظر بھی بڑا دلفریب ہوتا ہے- یہاں سال بھر موسم معتدل رہتا ہے- شاید یہی وجہ ہے کہ  ملکی اور غیرملکی سیاح وادی الدیسہ کی سیر کے لیے اس کا رخ کرتے ہیں- 
یہاں آنے والے سیاح دن کے وقت کھجور کے درختوں اور میٹھے پانی کے چشموں کے درمیان خیمے لگا کر موج مستی کرتے ہیں- باربی کیو کا شوق بھی پورا کرتے ہیں- ٹورسٹ گائیڈ ان کے ہمراہ ہوتا ہے جو انہیں وادی الدیسہ کی خصوصیات سے آگاہ کرتا رہتا ہے- 


یہاں سال بھر موسم معتدل رہتا ہے- (فوٹو: ایس پی اے)

وادی الدیسہ میں تراشی ہوئی چٹانیں بھی ہیں- جنہیں دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ کسی آرٹسٹ نے چٹانوں کو تراش کر خوش شکل بنا دیا ہے- بات ایسی نہیں بلکہ چٹانیں موسمی اثرات کے باعث تراش خراش کے عمل سے  گزر کر فن پاروں کا روپ اختیار کر گئی ہیں- 
یہاں کوفی رسم الخط میں چٹانوں پر تحریریں بھی کندہ ہیں- ان کی اپنی الگ ایک اہمیت ہے- 
 وادی الدیسہ میں عجائب گھر بھی ہے جو وادی کے نام سے منسوب ہے- یہ وادی جانے والے روڈ پر واقع ہے- جس میں وادیوں اور مختلف مقامات سے جمع ہونے والے تاریخی نوادر آراستہ کیے  گئے ہیں- 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: