Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان پر بنی ’سیلمون بھوئی‘ ویڈیو گیم پر پابندی

سلمان خان نے گذشتہ ماہ گیم کے ڈویلپرز کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
ممبئی کی عدالت نے اداکار سلمان خان کی درخواست پر ’سیلمون بھوئی‘ نامی اس ویڈیو گیم پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے جو مبینہ طور پر ان کے ’ہٹ اینڈ رن‘ مقدمے پر مبنی ہے۔
انڈین نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق عدالت نے گیم بنانے والی کمپنی پیروڈی سٹوڈیوز پرائیوٹ لمیٹڈ اور ڈائریکٹر پر گیم کو لانچ کرنے، ری کرئیٹ کرنے یا اداکار سے متعلق کوئی اور مواد بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
عدالت نے ویڈیو گیم بنانے والوں کو گوگل پلے سٹور اور دیگر پلیٹ فارمز سے فوری طور پر یہ گیم ہٹانے، بلاک کرنے یا اس تک رسائی روکنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ’گیم اور اس کی تصاویر کو دیکھنے کے بعد یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ بظاہر مدعی (سلمان خان) کی شناخت اور مدعی کے ہٹ اینڈ رن کے مقدمے سے مطابقت رکھتی ہے۔‘
عدالت نے مزید کہا کہ سلمان نے کبھی بھی گیم بنانے کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی۔ ’مدعی نے گیم بنانے کے لیے رضامندی ظاہر نہیں کی جو ان کی شناخت اور ان کے خلاف کیس سے مطابقت رکھتی ہو، یقیناً ان سے رازداری کا حق چھینا گیا ہے اور ان کے امیج کو داغدار کیا گیا ہے۔‘
سلمان خان نے گذشتہ ماہ اس گیم کے ڈویلپرز کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں انہوں نے دعوی کیا تھا کہ اس گیم کا نام اور اس میں دکھائی جانے والی تصاویر ان سے مطابقت رکھتی ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سیلمون بھوئی سلمان خان کے مداحوں میں مشہور نام سلمان بھائی سے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان پر الزام تھا کہ انھوں نے 28 ستمبر 2002 کی رات نشے میں اپنی گاڑی ممبئی کے علاقے باندرہ میں امریکن ایکسپریس بیکری کے کنارے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی تاہم ممبئی کی ہائی کورٹ نے 2015 میں ’ہٹ اینڈ رن‘ مقدمے میں بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔

شیئر: