Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے ڈی بی کا پاکستان کے ’احساس‘ پروگرام کے لیے 60 کروڑ ڈالر کا قرضہ

قرضے کا اعلان اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر کی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ (فوٹو: وزارت اقتصادی امور)
پاکستان کی وزارت اقتصادی امور نے اعلان کیا ہے کہ ایشائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان میں غربت کے خاتمے کے احساس پروگرام کے لیے 60 کروڑ ڈالر کا قرضہ دینے پر رضامند ہو گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’احساس‘ پاکستانی حکومت کا غربت کے خاتمے کا منصوبہ ہے جس کا مقصد ملک کے غریب ترین افراد کو صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور روزگار تک بہتر رسائی دینا ہے۔
60 کروڑ ڈالر کے قرضے کا اعلان اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ ای کی جمعرات کو وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔
وزارت اقتصادی امور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ اعلی ترجیحات، جو سماجی تحفظ اور غربت میں کمی ہیں، کو نافذ کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی مربوط کوششوں کی حمایت کرے گا۔‘
احساس ایک سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کا پروگرام ہے جو حکومت پاکستان نے 2019 میں شروع کیا تھا۔
جب وبا نے پاکستان کو متاثر کیا تو حکومت نے احساس پروگرام کے تحت نقد امداد کا سلسلہ شروع کیا تاکہ لاک ڈاؤن اور تجارتی سرگرمیوں پر پابندیوں کے ذریعہ معاش سے محروم خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔
احساس ایمرجنسی کیش کے ذریعے تقریباً 10 کروڑ کم آمدنی والے خاندانوں کو ایک مرتبہ میں 12 ہزار روپے کی امداد دی گئی۔
مئی میں ورلڈ بینک نے احساس ایمرجنسی کیش کو چار عالمی سماجی تحفظ کے اقدامات میں شامل کیا تھا۔

شیئر: