Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: مجلس پاکستان کی’’پر امن پاکستان، خوشحال پاکستان‘‘ تقریب

ریاض(ذکاءاللہ محسن)سعودی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے لئے3 ماہ کی مدت قابل تحسین ہے۔ اس سے پاکبانوں کو بھی بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہارقائم مقام سفیر پاکستان حسن وزیر نے اپنے خطاب میں کیا۔ وہ مجلس پاکستان ریاض کی جانب سے23مارچ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب ’’پرامن پاکستان، خوشحال پاکستان‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف کے فیصلے کو سراہتے ہیں کہ انہوں نے غیر ملکیوں کو اتنا بڑا ریلیف دیا ہے۔ پاکستان ایمبیسی اپنے ہم وطنوں کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے 29 مارچ سے کام شروع ہو جائے گا۔غیر قانونی طور پر مقیم پاکبانوں کو چاہئے کہ وہ اس نادر موقعے سے بھر پور فائدہ اٹھائیں کیونکہ اس ریلیف پیکج میں دوبارہ ویزے پر واپسی ممکن ہوگی۔ پاکبانوں کو چاہئے کہ سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں۔ 23 مارچ کا دن ہماری تاریخ کا سب سے اہم دن ہے ۔اسی دن ہمارے آباو اجداد نے آزاد اور خود مختار پاکستان کی جانب قدم بڑھایا ۔پاکستان ہزاروں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا لہذاہمیں ملکر اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔مجلس پاکستان کے صدر ڈاکٹر آصف قریشی نے اپنے استقبالیہ خطبے میں کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ یہ سر زمین اسلام کی عظیم درسگاہ ہوگی۔اس لئے ہمیں اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہوکر اسلام اور پاکستان کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا کیونکہ پورے روئے زمین پر اگر کوئی حقیقی حکمران ہے تو وہ اللہ کی ذات ہے۔اگر ہم اسلام کے زریں اصولوں پر عمل کریں تو پاکستان اسلام کا قلعہ بھی ثابت ہوگا اور ترقی کا نیا سفر بھی شروع ہوگا۔ چوہدری فرمان علی سلیم نے کہا کہ پاکستان کا قیام ناگزیر تھا کیونکہ ہندو انگریزوں کے ساتھ ملکر مسلمانوں کو غلام ہی بنائے رکھنا چاہتے تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماراشد محمود بٹ نے کہا کہ یوم پاکستان کا دن تجدید عہد کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں ہمارا مقصد یاد کرواتا ہے کہ پاکستان کے بنانے کا اصل مقصد کیا تھا ۔ پاک سر زمین کے رہنما ڈاکٹر مجاہد نے کہا کہ قائد اعظم جمہوریت پسند لیڈر تھے۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے 23 مارچ کی قرارداد مولوی فضل حق کو پڑھنے کے لئے کہا اور ہزاروں مسلمانوں نے اس کو نہ صرف منظور کیا بلکہ مختصر عرصے میں عملی جدوجہد کرکے دنیا کے نقشے پر پاکستان کو ابھارا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالقیوم خان نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنایا گیا۔ اس کو اسلامی ڈھانچے میں ڈھالنے کے لئے عملی کام کرنا ہوگا ۔ڈاکٹر ریاض احمد چوہدری نے کہا کہ درحقیت نظریہ ہی کسی قوم کی تشکیل، بقا اور دوام کاضامن ہوتا ہے۔ اس کی تہذیب وثقافت ،ترقی و تمدن اسی نظریے پر منحصر ہوتی ہے ۔اگر کسی قوم کی نظریاتی بنیادیں کمزور پڑ جائیں تو وہ زیادہ دیر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتیں۔رانا عبدالروف نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان ہم سب کا ملک ہے ۔ہم کو ہی اسے آگے لیکر چلنا ہے۔ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو تابناک مستقبل دینے کے لئے انتھک محنت اور مشکل فیصلے کرنا ہوگے۔مجلس پاکستان کے سیکرٹری جنرل حافظ عبدالوحید نے تقریب کی شاندار نظامت کے فرائض سرانجام دئیے اور کہا کہ مجلس پاکستان ایک ایسا شاندار پلیٹ فارم ہے جس پر تمام سیاسی اور ادبی تنظیموں کے ارکان جمع ہیں۔یہ ایک ایسا شاندار گلدستہ ہے جو پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعمیری سوچ کو آگے بڑھا رہا ہے۔ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں کو اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق ڈھالنا نہایت ضروری ہے۔تقریب میں میاں تنویر نے نعت رسول مقبول کی سعادت حاصل کی ۔رانا خادم حسین نے یوم پاکستان کے حوالے سے نظم پڑھی۔ تقریب سے فیصل علوی، عبدالکریم خان اور محمد شاہ وزیر نے بھی خطاب کیا۔
 
 
 
 

شیئر: