Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون نے والد کی پرانی بس کو آرٹ گیلری میں تبدیل کر دیا 

عائشہ نے سکول بس کو آرٹ کے فن پاروں سے آراستہ کرکے اپنی یادیں محفوظ کی ہے۔ (فوٹو الاخباریہ)
سعودی خاتون نے اپنے والد کی پرانی بس کو چلتی پھرتی آرٹ گیلری میں تبدیل کیا ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی خاتون عائشہ نے بتایا کہ سکول بس سے متعلق ذہن میں بے شمار یادیں بسی ہوئی ہیں۔انہیں یاد کرکے اچھا لگتا ہے۔
’ایک زمانہ تھا کہ جب سکول بس میں گھر سے تعلیمی ادارے میں جایا کرتی تھی۔ اب جبکہ عملی زندگی میں داخل ہو چکی ہوں خیال آیا کہ کیوں نہ سکول بس کے سفر کو یادگار بناؤں۔ یہ وہی بس ہے جسے میرے والد چلایا کرتے۔‘
عائشہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے مدینہ کے ایک قریے میں تعلیم حاصل کی۔ ان کے اپنے قریے میں سکول نہیں تھا۔ قریب ترین سکول  قریے سے 25 سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔
سعودی خاتون نے بتایا ’اس زمانے میں سکول ٹرانسپورٹ کا بندوبست نہیں تھا۔ والد کے ذہن میں خیال آیا کہ کیوں نہ وہ سکول بس خرید کر قریے کی بیٹیوں کو سکول پہنچانے اور لانے کا بندوبست کریں۔‘
عائشہ نے بتایا کہ ’مڈل اور ثانوی سکول کے لیے اپنے والد کی بس میں آتی جاتی رہی ہوں۔‘
عائشہ نے اب سکول بس کو آرٹ کے فن پاروں سے آراستہ کرکے اپنی یادیں محفوظ کرنے کی کوشش کی ہے۔
عائشہ کے مطابق ’آئندہ کوئی دکان یا ورکشاپ کھولنے کا پروگرام ہے۔ اس کے لیے شروعات یوٹیوب پر ایجوکیشن چینل سے کر دی ہے۔ وڈیو وائرل ہو رہی ہیں۔ گھر والے میری حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔‘

شیئر: