Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابل میں فوجی ہسپتال پر حملے میں 19 افراد ہلاک

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق طالبان کی خصوصی فورسز علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کے طالبان حکام کا کہنا ہے کہ کابل میں ایک فوجی ہسپتال پر حملے میں 19 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو طالبان اور ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ہسپتال کے احاطے کے داخلی دروازے کے قریب دو دھماکے ہوئے جس کے بعد ہسپتال کے اندر فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔
وزارت صحت کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’19 لاشوں اور تقریباً 50 زخمیوں کو کابل کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔‘
سخت گیر اسلامی گروہ کی جانب سے افغانستان میں استحکام لانے کی کوششوں کو داعش کی مقامی شاخ کے حملوں نے متاثر کیا ہے۔
منگل کو ہونے والے حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔
حملے کے حوالے سے کابل میں سردار محمد داود خان ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے ٹیلی فون پر بتایا ہے کہ 'میں ہسپتال کے اندر ہوں، میں نے پہلی چوکی سے ایک بڑے دھماکے کی آواز سنی۔ ہمیں محفوظ کمروں میں جانے کو کہا گیا۔ مجھے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا 'میں اب بھی ہسپتال کی عمارت کے اندر گولیوں کی آوازیں سن سکتا ہوں۔ میرے خیال میں حملہ آور ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں جا رہے ہیں، جیسا پہلے ہونے والے ایک حملے میں بھی کیا گیا تھا۔‘
ہسپتال پر اس سے قبل 2017 میں حملہ کیا گیا تھا، جب طبی عملے کے بھیس میں مسلح افراد نے کم از کم 30 افراد کو ہلاک کیا تھا۔
اے ایف پی کے صحافیوں نے شہر میں دوسرے دھماکے کے ساتھ ساتھ فائرنگ کی آواز بھی سنی۔
طالبان کے میڈیا کے ترجمان نے دونوں دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 'ایک دھماکا فوجی ہسپتال کے گیٹ پر ہوا ہے اور دوسرا ہسپتال کے قریب ہوا ہے۔ یہ ہماری ابتدائی معلومات ہے، ہم مزید تفصیلات بعد میں فراہم کریں گے۔'
وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے بتایا کہ طالبان کی خصوصی فورسز علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'دھماکے میں جانی نقصان ہوا ہے، تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔'
ایک اطالوی این جی او جو دارالحکومت میں ایک ہسپتال چلاتی ہے, کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا ہے کہ اس کے ہسپتال میں نو دھماکے سے زخمی ہونے والے نو افراد لائے گئے ہیں۔

شیئر: