Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیملی وزٹ ویزے کو رہائشی اقامے میں تبدیل کرنا ممکن ہے؟

اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے شاہی احکامات پر کام جاری ہے۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا ہے کہ کیا فیملی وزٹ ویزے پر آنے والوں کا ویزا اقامہ میں تبدیل کیے جانے کی باتیں درست ہیں؟
سوال کے جواب میں جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ وزٹ ویزے کو رہائشی اقامہ میں تبدیل کرنا قانونی طور پر ممکن نہیں ہےـ وزٹ، عمرہ یا حج ویزے پر آنے والوں کےلیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ مدت ختم ہونےسے قبل(اگر اس میں آخری توسیع بھی کرائی جا چکی ہو) واپس اپنے وطن لوٹ جائیں۔
واضح رہے کہ وزٹ ویزے پر آنے والوں کا مدت ختم ہونے کے بعد قیام کرنا غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے جس پر قید اور جرمانے کی سزا مقرر ہےـ  
وزٹ ویزے کی انتہائی حد ایک برس ہوتی ہے جس کے بعد مقررہ مدت ختم ہونے پر انہیں واپس جانا ہوتا ہےـ 
ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد قیام کرنے والے غیر قانونی طور پر مقیم تصور کیے جاتے ہیںـ ایسے افراد کو قیام، نقل و حمل یا روزگار وغیرہ کی سہولت یا مدد فراہم کرنے والے بھی جرم میں شریک تصورکیے جاتے ہیں۔ 
ایک اور شخص نے سوال کیا ہے کہ اقامہ کی مدت میں تاحال توسیع نہیں ہوئی، اگست میں اقامہ ختم ہوا تھا کیا ہوگا؟ 
اس حوالے سے جوازات کا کہنا ہے کہ اقامہ ہولڈرغیر ملکیوں کے لیے ایوان شاہی کی جانب سے خصوصی احکامات جاری ہوئے ہیں جن کے مطابق مملکت سے گئے ہوئے وہ افراد جو کورونا وائرس کے باعث سفری پابندی والے ممالک میں گئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مملکت نہیں آسکتے ان کے اقامے اور خروج و عودہ کی مدت میں مفت توسیع کی جا رہی ہے۔

وزٹ ویزے کو رہائشی اقامہ میں تبدیل کرنا قانونی طورپر ممکن نہیں ہے۔ فوٹو اے ایف پی

اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں مفت توسیع 30 نومبر 2021 تک کی جائے گی۔ توسیع کا مقصد تارکین کو سہولت دیتے ہوئے ان پر معاشی بوجھ کم کرنا ہے تاکہ وہ سفری پابندی سے زیادہ متاثر نہ ہوںـ 
واضح رہے کہ اقاموں اورخروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے شاہی احکامات پر کام جاری ہےـ اس حوالے سے نیشنل ڈیٹا بیس سینٹراورجوازات کے تعاون سے اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں توسیع مرحلہ وار طریقے سے کی جا رہی ہےـ  
اقاموں اورخروج و عودہ کی مدت میں توسیع کے لیے جوازات کے سسٹم میں موجود ڈیٹا کی بنیاد پرکیا جاتا ہےـ
اس حوالے سے باری آنے پر ان تمام افراد کے اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں 30 نومبرتک توسیع کردی جائے جو اس وقت مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں اور ان کا تعلق ان ممالک سے ہے جہاں سے مملکت براہ راست آنے پر پابندی عائد ہے ـ 
خیال رہے کہ تاحال 30 نومبر 2021 تک کے لیے اقاموں اور خروج و عودہ کی مدت میں توسیع کے احکامات پرعمل جاری ہے اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ ان میں تبدیلی کرتے ہوئے مزید احکامات صادر ہونے کی صورت میں سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے مطلع کردیا جائے گا۔

شیئر: