Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بابر اعظم سے سٹامپ پیپر پر لکھوایا جائے کہ وہ جیت کر سیاست کا رخ نہ کریں‘

بابراعظم کی قیادت میں گرین شرٹس نے سپر 12 مرحلے کے تمام میچز جیتے ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
ٹی20 ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل مرحلے میں 11 نومبر کو آسٹریلیا کا سامنا کر رہی ہے۔ ایسے میں کرکٹ شائقین ہوں یا دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، ہر ایک کی نظریں پاکستانی ٹیم، پلیئرز، ان کی مصروفیات اور میچ کے ممکنہ نتیجے پر مرکوز ہیں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران بھی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا ذکر ہوا تو دعا کی گئی کہ بابراعظم الیون کو مزید کامیابیاں ملیں۔ اسی دوران اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے نسبتاً انوکھا مطالبہ کر ڈالا۔
اپنی تقریر کے دوران رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’ان شااللہ ہماری ٹیم فائنل جیت کر پاکستانی پہنچے گی، لیکن ساتھ ساتھ میں یہ چاہوں گا کہ بابراعظم صاحب سے سٹامپ پیپر پر لکھوا لیا جائے کہ پھر وہ کہیں سیاست کا رخ نہ کر لیں۔‘

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران عبدالقادر پٹیل نے سیاست میں کرکٹرز کے حوالے سے گفتگو کی تو اس بات پر جہاں ایوان میں قہقہے لگے وہیں سوشل ٹائم لائنز پر بھی کسی نے اسے مذاق کا موقع بنایا اور کوئی اس انداز پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتا رہا۔
کچھ صارفین نے موقف اپنایا کہ قومی ٹیم ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شریک ہے ایسے میں سیاسی مخالفت کے چکر میں اس کا مورال ڈاؤن کرنے والے بیانات، وہ بھی اسمبلی فلور پر انتہائی نامناسب طرز عمل ہے۔
پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے شکست کھانے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے، دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ 11 نومبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے بعد ہو گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: