مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اجازت ناموں کے حوالے سے وزارت حج وعمرہ کی وضاحت
اعتمرنا ایپ کے ذریعے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ’مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز جبکہ مسجد نبوی میں روضہ شریف اور صلاۃ وسلام کے لیے اعتمرنا ایپ کے ذریعے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ اجازت نامے کے بغیر مسجد الحرام اور روضہ شریفہ میں نہ ہی نماز کے لیے جانے کی اجازت ہوگی اور نہ عمرہ کا موقع مہیا ہوگا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے یہ بیان ان افواہوں کے تناظر میں جاری کیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اب مسجد الحرام اور روضہ شریف میں نماز، مسجد الحرام میں عمرہ اور مسجد نبوی میں صلاۃ و سلام کے لیے پیشگی اجازت نامے کا حصول ضروری نہیں رہا۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’اجازت نامے کے لیے ایک شرط یہ ہے کہ امیدوار کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکا ہو اور (توکلنا) ایپ میں صحت ریکارڈ اپ ڈیٹ ہو۔‘
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ ’صلاۃ و سلام کے اجازت نامے رکھنے والے اعتمرنا اور توکلنا ایپس میں مہیا تاریخوں کی سہولت کی صورت میں بار بار صلاۃ و سلام کی سعادت حاصل کر سکتے ہیں۔'
'اس کےلیے 15 دن یا ایک ماہ کی کوئی شرط نہیں۔ جب بھی توکلنا یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے صلاۃ و سلام کی سہولت مہیا ہو اس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ نئے اجازت نامے کے لیے ایسی کوئی پابندی نہیں کہ بار بار صلاۃ و سلام کےلیے نہیں جا یا جا سکتا۔‘
وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ ’روضہ شریف میں نماز کا اجازت نامہ 30 روز میں صرف ایک بار ہی جاری ہوگا۔ اس سے کم مدت کے اندر اجازت نامہ نہیں ملے گا۔'
'یہ پابندی محض اس لیے لگائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین کورونا وبا کے ماحول میں روضہ شریفہ میں نماز کی سعادت حاصل کر سکیں۔‘
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ سعودی شہریوں، مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اور بیرون مملکت سے آنے والوں کے لیے اجازت نامے جاری کرانے کی سہولت دیے ہوئے ہے۔
بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ مملکت پہنچنے پر (قدوم) پلیٹ فارم میں اندراج کرائیں۔ ایسا کر کے ہی وہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کر سکیں گے۔