Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے نئے قواعد

عمرہ زائرین کی کم سے کم عمر 18 برس مقرر کی گئی ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب وزارت حج و عمرہ نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی عمر کی حد کا تعین کر دیا ہےـ زائرین اپنے ملک میں موجود لائسنس یافتہ ٹریول کمپنیوں کے ذریعے پیکیج حاصل کرسکتے ہیں ـ 
عربی روزنامہ ’عکاظ‘ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت سے صرف 18 تا 50 برس عمر تک کے زائرین ہی کو عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کے پرمٹ جاری ہوں گے- 

 لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی سے رابطہ کیا جائے (فوٹو، ٹوئٹر)

وزارت حج و عمرہ مزیدکہنا ہے کہ جو لوگ بیرون مملکت سے عمرہ ویزہ حاصل کرنا چاہتے ہوں وہ اپنے ملک میں لائسنس یافتہ ٹریولنگ ایجنسی سے رابطہ کریں جو کسی سعودی عمرہ کمپنی کے ساتھ منسلک ہو- 
وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی ہے کہ عمرہ زائرین سفر سے قبل سعودی عرب میں منظور شدہ کورونا ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں حاصل کرلیں اور سعودی وزارت خارجہ کے پلیٹ فارم سے آن لائن عمرہ ویزہ کے اجرا کے لیے ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کریں- 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے حال ہی میں بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ اور نماز کے اجازت ناموں کے حوالے سے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کی سہولت کا اعلان کیا تھا- 
وزارت نے توجہ دلائی تھی کہ باہر سے آنے والے زائرین قدوم پلیٹ فارم پر اندراج اور سعودی عرب پہنچنے کے بعد عمرہ، زیارت نیز مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز کے اجازت نامے جاری کراسکتے ہیں- 

بیرون ملک سے 50 برس سے زائد عمر کے عمرہ زائرین نہیں آسکتے (فوٹو: ٹوئٹر)

 واضح رہے اندرون ملک سے عمرہ زائرین کی بابت وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی ہے کہ کوئی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی پرمٹ  کے بغیر نہ تو عمرہ کرسکتا ہے اور نہ ہی مسجد الحرام میں نماز کے لیے جاسکتا ہے- حرم شریف میں بچوں کو بھی لے جانے کی اجازت نہیں ہے-
بچوں کو حرم شریف کے صحنوں میں بھی نماز کے لیے نہیں لے جایا جاسکتا البتہ 12 برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کے بعد عمرہ اجازت نامے حاصل کرسکتے ہیں۔
 

شیئر: