Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں گاڑی نے کرسمس پریڈ کے شرکا کو کچل دیا، پانچ ہلاک

امریکی ریاست وسکونسن کے شہر واکیشا میں ایک تیز رفتار کار کرسمس پریڈ میں گھس گئی جس سے پانچ افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔
واکیشا میں حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ متعدد افراد کو پریڈ کے شرکا ہسپتال لے کر گئے۔ 
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق عینی شاہدین اور آن لائن پوسٹ کی گئی ویڈیوز کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بچے، مارچ کرنے والے بینڈ کے ارکان اور ڈانس گروپ شامل ہے۔
قبل ازیں واکیشا کے پولیس چیف نے کہا تھا کہ مضافاتی علاقے ملواکی میں ایک گاڑی کے کرسمس پریڈ کے شرکا پر چڑھ دوڑنے سے 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس چیف نے کہا تھا کہ ’کچھ‘ ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں مگر انہوں نے تعداد نہیں بتائی تھی۔
پولیس چیف ڈین تھامسن نے کہا کہ تفتیش جاری ہے لیکن ایک ’مشتبہ گاڑی‘ برآمد کر لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے کچھ کو پولیس ہسپتال لے گئی، اور کچھ کو لواحقین لے کر گئے۔
پولیس چیف نے کہا کہ ’ہمارے پاس ایک مشتبہ شخص ہے جسے ہم اس وقت دیکھ رہے ہیں۔‘
تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا وہ شخص گرفتار ہے۔
میئر شان ریلی نے ملواکی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں کہ عوام کے لیے کوئی خطرہ موجود ہے۔
ملواکی سے تقریباً 20 میل دور مغرب میں واقع واکیشا میں پولیس نے لوگوں کو شہر کے مرکزی علاقے سے دور رہنے کی تاکید کی ہے۔
واکیشا شہر سے پریڈ کی لائیو ویڈیو فیڈ کے ساتھ ساتھ پریڈ کے شرکا کی طرف سے لی گئی ویڈیوز میں ایک سرخ گاڑی کو رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے اور تیز رفتاری سے سڑک کی طرف جاتے ہوئے دکھایا گیا جہاں پریڈ ہو رہی تھی۔

زخمی ہونے والوں میں بچے، مارچ کرنے والے بینڈ کے ارکان اور ڈانس گروپ شامل ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

پریڈ کے راستے کے ساتھ لی گئی ایک ویڈیو میں ایک گروپ دکھایا گیا ہے جس میں نوعمر لڑکیاں سفید پومپمز کے ساتھ اور سانتا ٹوپیاں پہنے رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
گاڑی گروپ میں گھس جاتی ہے جبکہ فلم بنانے والا شخص چیختا ہے ’اوہ میرے خدا!‘۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لوگ زمین پر پڑی کم از کم ایک لڑکی کی طرف جھک رہے ہیں۔
پریڈ کو شہر کے چیمبر آف کامرس نے سپانسر کیا ہے۔ رواں سال ہونے والی تقریب کا یہ 59 واں ایڈیشن تھا جو ہر سال تھینکس گیونگ سے پہلے اتوار کو منعقد ہوتا ہے۔

شیئر: