Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں نئے وائرس ’او میکرون‘ کا کوئی کیس ریکارڈ پر نہیں: وزارت صحت

بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہوگا( فوٹو ایس پی اے) 
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے اطمینان دلایا ہے کہ’ جنوبی افریقہ اور یورپی ممالک میں پھیلے ہوئے نئے وائرس اومیکرون کا سعودی عرب میں کوئی کیس ریکارڈ پر نہیں آیا ۔ پریشانی کی کوئی بات نہیں‘ ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ’ جنوبی افریقہ اور یورپی ممالک میں نیا وائرس تشویش کا باعث بنا ہوا ہے، اس سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہوگا‘۔ 
اخبار 24 کے مطابق اتوار کو پریس بریفنگ میں ترجمان نے  بتایا کہ’ کورونا وائرس کی نئی شکلیں بے احتیاطی کی وجہ سے نمودار ہو رہی ہیں‘۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ’ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں نہیں لی جا رہی ہیں۔  معاشرے کے جتنے افراد کو ویکسین لینی چاہئے تھی اتنی تعداد میں لوگوں نے ویکسین نہ لے کر سماجی مدافعتی نظام کا اہتمام نہیں کیا‘۔ 
’معمر افراد کو خاص طور پر ویکسین کی تمام خوراکیں لینا ضروری ہیں۔ لاپروائی سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ تمام لوگ بوسٹر ڈوز کا بھی اہتمام کریں‘۔
 
علاوہ ازیں جنرل ہیلتھ اتھارٹی (وقایہ) کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ القویزانی نے بریفنگ میں کہا کہ’ سعودی عرب میں ابھی تک کورونا وائرس کی نئی شکل (اومیکرون) کا کوئی کیس ریکارڈ پر نہیں آیا‘۔  
انہوں نے بتایا کہ ’کورونا وائرس میں ہونیوالی تبدیلیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کووڈ 19 کے جنیاتی سلسلے کے نگراں قومی پروگرام کی جانب سے نظر رکھی جا رہی ہے‘۔
انہوں نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی کہ’ وہ کورونا وبا سے بچاو کےلیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں ۔ ویکسین کی تمام خوراکیں لگوالیں اور بوسٹر ڈوز لینے کا بھی اہتمام کریں‘۔

شیئر: