Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسمی انفلوائنزا ویکسین کے لیے وزارت صحت کی آگہی مہم

موسمی انفلوائنزا ویکسین موثر اور مفت ہے۔(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے مملکت بھر میں موسمی انفلوائنزا ویکسین کے لیے آگہی مہم کا آغازکیا ہے۔
 انفلوائنزا سے زیادہ متاثر ہونے والے زمروں میں معمر افراد، لاعلاج امراض میں مبتلا لوگ، کمزور مدافعتی نظام، حاملہ خواتین، صحت کارکنان اور معاشرے کے عام افراد شامل ہوں گے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ موسمی انفلوائنزا ویکسین موثر اور مفت ہے۔ اس کے  سائڈ ایفیکٹس نہیں ہیں۔ برسہا برس سے دنیا بھر کے ملکوں میں یہ ویکسین استعمال کی جارہی ہے اور یہ موثر ثابت ہوئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بہتر ہوگا کہ زیادہ سے زیادہ افراد ہیلتھ سینٹرز پہنچ کر موسمی انفلوائنزا ویکسین حاصل  کریں۔ اس سے متاثرین کی شرح کم ہوگی اور موسمی انفلوائنزا سے ہسپتال میں علاج کرانے والوں کی تعداد میں کمی ہوگی۔ 
وزارت صحت نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ قریب ترین ہیلتھ سینٹرسے موسمی انفلوائنزا ویکسین حاصل کرلیں۔ 
وزارت صحت نے موسمی انفلوائنزا سے بچنے کے لیے کچھ مشورے بھی دیے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ویکسین حاصل کریں، اژدحام والے مقام پر جانے سے گریز کریں- ہاتھ اچھی طرح سے صاف کرتے رہیں، آنکھوں اور منہ کو براہ راست چھونے سے پرہیز کریں، چھینک آتے وقت ٹشو پیپر کا استعمال کریں اور جگہ کی صفائی کا خیال رکھا جائے۔

شیئر: