Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایئرلائن کا اسلام آباد سے ہفتہ وار چار پروازوں کا اضافہ

ایس وی 889 پندرہ دسمبر سے اتوار، پیر، بدھ اور جمعے کو اسلام آباد سے جدہ روانہ ہوا کرے گی (فائل فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سعودی ایئرلائن نے اسلام آباد سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار چار پروازوں کا اضافہ کردیا ہے۔
ایس وی 889 پندرہ دسمبر سے اتوار، پیر، بدھ اور جمعے کو اسلام آباد سے جدہ روانہ ہوا کرے گی۔
سعودی ایئرلائن کے اسلام آباد ایئرپورٹ کے سٹیشن مینیجر عمر خالد ملک نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سعودی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان مکمل فضائی آپریشن کی بحالی کے موقع پر پہلی پرواز کی روانگی کے وقت پروازوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔‘
’کورونا پابندیوں کے باعث بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں اور اس موقع پر اضافی پروازوں کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’اسی ضرورت کے پیش نظر اسلام آباد سے ہفتہ وار چار پروازیں بڑھائی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ جلد اپنی ملازمتوں پر واپس لوٹ سکیں۔‘
اس وقت سعودی ایئرلائن اسلام آباد اور لاہور سے دو دو جبکہ کراچی سے یومیہ تین پروازیں چلا رہی ہے۔
پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 35 پروازیں چلانے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ دیگر ایئرلائنز بھی اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان اور انڈیا سمیت کئی ممالک پر براہ راست سفری پابندیاں عائد تھیں جنھیں چھ ممالک کے مسافروں کے لیے رعایت دیتے ہوئے ختم کر دیا گیا ہے جس کے بعد یکم دسمبر کو پاکستان سے پہلی پرواز جدہ جبکہ دوسری ریاض روانہ ہوئی تھی۔

شیئر: