Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم واہگہ  کے راستے افغانستان منتقلی کی اجازت: دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فیصلے سے انڈین ناظم الامور کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات افغان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان منتقلی کی اجازت دے دی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کی غرض سے انڈیا سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات واہگہ بارڈر اور طورخم کے راستے افغان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان منتقلی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیصلہ انسانی امداد میں سہولت کی فراہمی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم اور سنجیدگی کا مظہر ہے۔
ترجمان کے مطابق اس فیصلے سے وزارت خارجہ میں انڈین ناظم الامور کو آگاہ کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہنا تھا کہ انڈین حکومت پر بھی زور دیا گیا کہ وہ افغانستان کو انسانی امداد کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔
خیال رہے پچھلے ہفتے انڈیا نے کہا تھا کہ وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے 50 ہزار ٹن گندم اور ادویات افغانستان بھیجنے کے لیے پاکستان کے ساتھ معاملات طے کر رہا ہے۔
انڈین حکام نے کہا تھا کہ پاکستان کو اس حوالے کوئی شرائط نہیں رکھنی چاہئیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے کہا تھا کہ انڈیا پاکستان کے راستے افغانستان کے لیے انسانی امداد پہنچانے کو پرپوزل اکتوبر کے پہلے ہفتے میں تیار کیا تھا اور پاکستان کی جانب سے 24 نومبر کو اس حوالے سے یقین دہانی کروائی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسانی امداد کے حوالے سے پاکستان کو کوئی شرط نہیں رکھنی چاہیے۔

شیئر: