Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم سرما میں سیاحوں کی دلچسپی کے دس مقامات کون سے ہیں؟

موسم سرما میں سیاحتی اعتبار سے دمام کی اہمیت بڑھ جاتی ہے(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں سیاحت کے حوالے سے بے شمار مقامات ہیں جہاں موسم سرما میں مقامی اور بیرون ملک کے سیاح لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
اخبار 24 نے ان اہم 10 شہروں کے تفریحی مقامات کا ذکر کیا ہے جو موسم سرما میں سیاحوں کی دلچسپی کا باعث بن سکتے ہیں۔ 
جدہ : اسے باب الحرمین بھی کہا جاتا ہے یہاں اکتوبر سے مارچ تک درجہ حرارت 20 سے 30 سیٹی گریڈ رہتا ہے جو سرد علاقوں کے رہنے والوں کے لیے کافی اہم ہےـ یہاں خوبصورت ساحلی تفریحی مقامات اور پارکوں کےعلاوہ قدیم تاریخی علاقے اور پررونق بازار بھی ہیں۔

بحیرہ احمر کا ساحلی علاقہ  کیمپنگ کے لیے مثالی مقام ہے (فوٹو: اخبار 24)

دمام : موسم سرما میں سیاحتی اعتبار سے دمام کی اہمیت بڑھ جاتی ہے یہاں کے ساحلی دلفریب مناظر اپنی مثال آپ ہیں جبکہ یہ علاقہ تین اطراف سے خلیج عربی میں گھرا ہوا ہے۔ فیروزی رنگ کے ساحلی مقامات کے علاوہ جزیرہ المرجان اور کورنیش و ڈالفن ولیج بھی سیاحوں کے لیے مثالی تفریحی علاقے ہیں۔ 
ابھا : یہ مقام یورپی موسم کو پسند کرنے والوں کے لیے منفرد حیثیت کا حامل ہے۔ موسم سرما میں یہاں برف باری کا سلسلہ جاری رہتا ہے، جبکہ قدرتی مناظر سے یہ خطہ مالا مال ہےـ اس علاقے میں تاریخی اثار قدیمہ کی بھی کثرت ہے جن میں ’قلعہ ابوخیال ‘ قلعہ شمسان ’ قلعہ الدقل کے علاوہ متعدد تاریخی مقامات بھی قابل ذکر ہیں۔ 
العلا : مملکت کے شمال مغربی جانب واقع یہ علاقہ عہد رفتہ کے تاریخی نوادرات سے بھر پڑا ہے، جن میں ’مدائن صالح ‘، ’الغرامیل چٹان‘ ’جبل الفیل ‘ کے علاوہ موسی بن نصیر کا قلعہ اور چھٹی صدی قبل از میلاد کے آثار قدیمہ جن میں ’مقابرالاسود‘ بھی شامل ہے، اس علاقے میں موجود ہیں۔ 

موسم سرما میں برف باری کا سلسلہ جاری رہتا ہے( فوٹو: اخبار 24)

جازان : سعودی عرب کے انتہائی جنوب مغربی سمت میں واقع ساحلی شہر، یہاں متعدد جزیرے ہیں، جن میں جزر فرسان غیر معمولی شہرت کا حامل ہے۔ یہ ساحلی خطہ سمندری کھیلوں کی وجہ سے بھی غیر معمولی شہرت رکھتا ہے۔
املج جزیرہ : بحیرہ احمر کا ساحلی علاقہ ہے جو کیمپنگ کرنے کے شوقین افراد کے لیے مثالی مقام ہے یہاں کا ساحل انتہائی پرسکون اور خوبصورت مناظر سے مالامال ہے علاوہ ازیں شہر میں عہد رفتہ کے متعدد تاریخی قلعے بھی موجودہیں۔ 
الخبر: موسم سرما میں سیاحتی مقامات کے حوالے سے الخبرکا علاقہ غیر معمولی شہرت کا حامل ہے یہاں کا ساحلی علاقہ میلوں پرپھیلا ہوا ہے۔ ہاف مون بیچ یہاں کا سب سے مشہوری ساحلی تفریح گاہ ہے۔ 

سیاحتی مقامات میں الخبرکا علاقہ غیر معمولی شہرت کا حامل ہے( فوٹو اخبار 24)

تبوک : خلیج عقبہ کے شمال مغربی سمت میں واقع یہ علاقہ موسم سرما کے دوران ہونے والی برفباری میں سفید چادر اوڑھ لیتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ انتہائی خوبصورت ہوجاتا ہے۔ اندرون مملکت کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی سیاح موسم سرما میں تبوک کے علاقے میں جاتے ہیں۔
الجوف : سفاری پکنگ کے شوقین کےلیے افراد کےلیے یہاں کا صحرائی و چٹانی علاقہ منفرد مقام رکھتا ہے۔ تاریخی مقامات بھی یہاں بکثرت ہیں جن میں ’قلعہ زعبل ‘ ، ’ قارا پہاڑ ‘ ، ’سیسرا کنواں ‘ کے علاوہ بے شمار دیگر مقامات شامل ہیں۔ 
ریاض : درالحکومت کی راتیں سرد اور دن نسبتا گرم ہوتا ہے جبکہ یہاں ’نمی‘  کا تناسب دیگر علاقوں سے سارا سال کم ہوتا ہےـ یہاں کا علاقہ الدرعیہ جو کہ میلوں پر پھیلا ہوا ہے خاص کر جبل طویق جس کی بلندی 250 میٹر ہے کے علاوہ چٹانی اورمیدانی علاقہ کیمپنگ کرنے والوں کےلیے باعث کشش ہے۔    

شیئر: