Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں مکمل تعاون اور یکجہتی اہم: سعودی کابینہ

 شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کا ورچوئل اجلاس ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ’ خلیجی تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں مکمل تعاون اور یکجہتی انتہائی ضروری ہے‘۔
منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کا ورچوئل اجلاس ہوا ہے۔ کابینہ نے خلیجی ممالک کے ساتھ رابطے جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔  
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے گزشتہ دنوں مملکت اور متعدد برادرو دوست ممالک کے درمیان میٹنگوں اورملاقاتوں میں ہونے والی بات چیت کے نتائج کا جائزہ لیا۔   
 اجلاس کے بعد قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید نے ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ میں خطے اور عالمی حالات کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے صنعا میں امریکی سفارتخانے پر حوثی دہشتگردوں کے حملے اور وہاں سے متعدد اہلکاروں کو حراست میں لینے کے واقعہ کی پھر مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ ’عالمی برادری کو حوثیوں کی مبینہ خلاف ورزی کا سختی سے نوٹس لینا ہو گا۔ یمن اور اس کے عوام کے امن و استحکام کی خاطر جامع سیاسی حل تک رسائی کے لیے بین الاقوامی قراردادیں نافذ کرنے کی ضرورت ہے‘۔
سعودی کابینہ نے کہا کہ ’خواہش ہے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے فیصلے افغانستان کی انسانی صورتحال کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں‘۔
سعودی عرب نے پاکستان کی درخواست پر أفغانستان کی انسانی صورتحال کےلیے بحث کےلیے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کی اہوا ہے جس میں اقوام متحدہ کے تعاون سے افغانیوں کےلیے انسانی مدد کے طریقے زیر بحث آئیں گے۔ افغانستان کا اتحاد، سالمیت، خودمختاری، ملک کے اندرونی أمور میں عدم مداخلت، ہر طرح کی دہشتگردی کی مخالفت جیسے أمور پر بھی غور کیا جائے گا۔  
سعودی کابینہ نے مشرقی ریجن کی الجافورہ فیلڈ میں گیس کے غیر روایتی کاروبار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے پروگرام کے حوالے سے کہا کہ یہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں اہم عنصر ثابت ہو گا۔
کابینہ نے 2020 کے وسط سے مملکت کی معیشت میں تدریجی بہتری اور سالِ رواں کے دوران معیشت میں استحکام پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ مختلف شعبوں میں مثبت شرحِ نمو ریکارڈ کی جا رہی ہے اور یہ سب کچھ کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں حکومت کی حقیقت پسندانہ اور ذمہ دارانہ پالیسی و اقدامات کی بدولت ممکن ہو سکا ہے۔
سعودی کاببنہ نے مملکت میں کورونا وبا کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے عالمی صحت منظر نامہ بھی زیر بحث آیا۔
کابینہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی کہ وہ وبا سے بچاو کےلیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی جاری رکھیں۔ 
کابینہ نے متعدد فیصلے کیے ہیں ،کورونا وبا پر قابو پانے کے سلسلے میں برادر اور دوست ملکوں کی مدد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ 
 

شیئر: