Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناموں کی مماثلت نے معمرشہری کو سخت پریشانی سے دوچار کر دیا

ادارہ احتساب نے ممعرشہری کوپہنچنے والی تکلیف ہرجانہ دلوادیا (فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ احتساب (دیوان المظالم) نے ایک معمر شہری کو ناحق الزام تراشی سے پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں ہرجانہ دلا دیا۔  
اخبار 24 کے مطابق معمر شہری پر نشہ کرنے کا الزام لگا کر مختلف مسائل سے دوچار کر دیا گیا تھا جبکہ وہ نشے سے ہمیشہ دور رہے تھے۔  
ادارہ احتسا ب کی جانب سے جاری بیان میں  کہا کہ ایک سرکاری ادارے نے بزرگ شہری کے حوالے سے بیان جاری کیا تھا جس میں انہیں نشے کا عادی بتایا گیا تھا۔
نشے کے الزام کی وجہ سے شہری کا قومی شناختی کارڈ بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ ادارے نے یہ اقدام نشہ کرنے والے کے نام اور بزرگ شہری کے نام میں فرق نہ کرنے کی وجہ سے کیا تھا۔
دونوں کے ناموں میں مماثلت تھی اس وجہ سے سرکاری ادارے کی تنبیہہ کا خمیازہ ناحق بزرگ شہری کو بھگتنا پڑ گیا۔  
ادارہ احتساب کا کہنا ہے کہ بزرگ شہری کو ایک سے زیادہ بار فنگر پرنٹس کےلیے طلب کیا گیا۔ انہوں نے اپنے خلاف جاری سرکاری تنبیہ واپس کرانے کےلیے مختلف دفاتر کے چکر کاٹے۔
عام لوگوں کی نظروں میں ان کی حیثیت مجروح ہو گئی۔ خاندان کے افراد ہی نہیں بلکہ قبیلے میں بھی بدنام ہو گیا۔ ادارہ احتساب نے یہ بات ریکارڈ پر آجانے کے بعد تنبیہہ جاری کرنے والے ادارے کو حکم دیا کہ وہ بزرگ شہری کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کےلیے ہرجانہ ادا کرے۔  

شیئر: