Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سے پہلی ہلاکت کی تصدیق

بورس جانسن نے کہا کہ لندن میں اومی کرون کے  40 فیصد کیسز ہیں (فوٹو اے ایف پی)
 برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ اومی کرون سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانیہ نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے ویکسین کی بوسٹر خوراک لگانے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔
برطانیہ پہلا ملک ہے جس نے اومی کرون سے ہلاکت کا اعلان کیا۔
مغربی لندن میں ایک ویکسینینشن سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ لندن میں اومی کرون کے  40 فیصد کیسز ہیں اور ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کم از کم ایک شخص کی اومی کرون سے ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
برطانیہ نے تیزی سے بڑھتی انفکیشن کے باعث اتوار کو کورونا الرٹ لیول کو بڑھایا تھا۔
ٹی وی خطاب میں بورس جانسن نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں ہسپتالوں پر دباؤ کم کرنے کےلیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔
برطانیہ میں دسمبر کے آخر تک تمام بالغ افراد کورونا کی تیسری خوراک لگوا سکیں گے۔
لیکن ویکسین کی طلب میں اضافے کے بعد نیشنل ہیلتھ سروس کی ویکسینیشن کے لیے بکنگ کروانے والی ویب سائٹ کریش کر گئی اور لوگوں کو بتایا گیا کہ کٹس مہیا نہیں ہیں۔

لندن میں ویکسین لگوانے والوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں (فوٹو اے ایف پی)

لندن میں ویکسین لگوانے والوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ ایک جگہ پر سارہ جیکسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے ویکسین لگوانے کےلیے چند گھنٹوں کےلیے چھٹی لی تھی۔
’مجھے بتایا گیا کہ دو گھنٹے تک قطار میں رہنا ہوگا اور پھر دو گھنٹے ویکسین لگنے میں لگیں گے، لیکن مجھے کام پر واپس جانا ہے۔‘
برطانیہ میں سنیچر کو کورونا کی 50 ہزار بوسٹر خوراکیں لگائی گئیں، لیکن دسمبر کے آخر تک ڈیڈ لائن پوری کرنے کےلیے یہ تعداد دوگنا کرنا ہوگی۔‘

شیئر: