Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں جنوری میں ہوں گی؟

تعلیمی اداروں میں 12 سے 18 سال کے بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس اسلام آباد میں منگل کو ہو رہی ہے جس میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری دعوت نامے میں کہا گیا ہے کہ 34 ویں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس منگل کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگی جس میں اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزارت تعلیم کے ایڈیشنل سیکرٹری محیی الدین وانی نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز اس لیے سامنے آئی ہے تاکہ سکولوں میں جاری کورونا ویکسین کی مہم کو بروقت مکمل کیا جا سکا اور اس کا تسلسل نہ ٹوٹے۔
’اجلاس میں صوبائی وزرا کے علاوہ وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ کورونا کی نئی لہر کی تعلیمی اداروں میں پیش بندی کی جا سکی۔‘
یاد رہے کہ اس وقت تعلیمی اداروں میں 12 سے 18 سال کے بچوں کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر اس عمر کے افراد کو امریکہ کی فائزر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
وزارت تعلیم کے ترجمان نے کہا کہ عام طور پر دسمبر کے آخر میں تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دی جاتی ہیں۔ اب انہیں چند ہفتوں کے لیے آگے کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ منگل کی شام کو ہی ہوگا جس سے عوام کو آگاہ کردیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کانفرنس میں صوبائی نظام تعلیم سے متعلق اصلاحات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
محی الدین وانی کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے سیاسی نقشے کی صوبائی نصاب تعلیم میں شمولیت اور دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
یاد رہے کہ چند دن قبل سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

سندھ میں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

محکمہ تعلیم سندھ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں 20 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔
فیصلے کے مطابق سندھ کے سکول 3 جنوری 2022 سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات 15 روز پر محیط ہوں گی۔

شیئر: