Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے ’توکلنا‘ اور ’ابشر‘ نہ کھلنے کا مسئلہ کیسے حل ہوگا؟

اگر تین ماہ کے لیے اقامہ کی تجدید مقصود ہے تو فیس بھی سہہ ماہی ادا کی جائے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے اقامے کی تجدید کے لیے تین اختیار دیے گئے ہیں جن کے مطابق غیرملکی کارکن اپنا اقامہ تین، چھ یا 12 ماہ کے لیے تجدید کرانے کا اہل ہوگا۔ 
اقامہ کی تجدید کے لیے فراہم کی جانے والی سہولت کے تحت تین، چھ اور 12 ماہ کی فیس جمع کرائی جاسکتی ہے جس سے فیملی والے تارکین کو کافی سہولت ہوگی۔
اقامہ کی اختیاری تجدید کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ اقامہ تین ماہ کا بن رہا ہے، طریقہ کیا ہوگا؟ 
سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں مقیم تارکین کو اقاموں کی تجدید کے لیے جو سہولت دی گئی ہے اس کے مطابق اقامہ کی فیس یکمشت سالانہ کے بجائے سہ ماہی، شش ماہی یا سالانہ ادا کی جاسکتی ہے۔ 
طریقہ کار کے مطابق اقامہ کی تجدید سے قبل مطلوبہ مدت کی فیس ’سداد ‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہوئے جمع کرائی جائے، اس کے بعد اقامہ تجدید کی کمانڈ دی جائے۔ 
اگر تین ماہ کے لیے اقامہ کی تجدید مقصود ہے تو فیس بھی سہہ ماہی ادا کی جائے، اگر چھ ماہ کے لیے اقامہ کی تجدید درکار ہو تو اس فیس بھی چھ ماہ کی ادا کی جائے۔
اقامہ کے تجدید کے لیے فراہم کی جانے والی سہولت سے ان تارکین کو کافی فائدہ ہوگا جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں۔
ایسے افراد جو کسی وجہ سے اپنے اہل خانہ کو تین یا چھ ماہ تک کے لیے رکھنا چاہتے ہیں، وہ صرف مطلوبہ مدت کی فیس ادا کرنے کے بعد اقامہ کی تجدید کرا سکتے ہیں جبکہ اس سہولت سے قبل لازمی تھا کہ پورے سال کی فیس ادا کی جائے۔ اس سے قطع نظر کے فیس ادا کرنے کے بعد محض ایک ماہ بعد ہی فیملی کو فائنل ایگزٹ پر بھیجنا پڑے۔ 
یہ بھی خیال رہے کہ جوازات کے سسٹم میں فیس ادا کرنے اور مطلوبہ سروس حاصل کرنے کے بعد فیس کسی صورت میں واپس نہیں لی سکتی۔ 
موبائل سم دوست کے نام پر تھی اب پاکستان میں ہوں جہاں ’توکلنا‘ اوپن نہیں ہورہا نہ ہی ’ابشر‘ میں لاگ اِن ہوا جا سکتا ہے کیا کروں؟ 
سعودی وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے جاری کردہ ایپ ’توکلنا‘ پاکستان میں کام نہیں کرتی اس لیے وہاں اوپن نہیں کیا جا سکتا۔ 
جہاں تک ’ابشر‘ کا تعلق ہے تو اس کے لیے لازمی ہے کہ جو شخص ’ابشر‘ اکاؤنٹ بناتا ہے اس کا اپنا موبائل نمبر رجسٹر کیا جائے۔ ٹیلی کمیونیکیشن ضوابط کے تحت موبائل سمز ہر شخص کے اقامہ نمبر پر جاری ہوتی ہیں۔ اس لیے ایسی موبائل سمز جو کسی دوسرے کے اقامے پر ہوں گی، ان پر ’ابشر‘ کی رجسٹریشن نہیں کرائی جا سکتی۔ 
’توکلنا‘ کی رجسٹریشن بھی ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے اسی موبائل پر کی جاتی ہے۔ مملکت سے باہر ’ابشر‘ کو آپریٹ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ابشر اکاؤنٹ کو اپ ڈیٹ کرایا جائے جس کے بعد بیرون مملکت سے بھی ابشر پورٹل کو اوپن کیا جا سکتا ہے۔ 
’ابشر‘ میں لاگ اِن کرنے کے لیے ’ون ٹائم پاس ورڈ ‘ ارسال کیا جاتا ہے جو اسی موبائل پر ارسال کیاجائے گا جو ابشر اکاونٹ میں فیڈ ہوگاـ 
واضح رہے ’ابشر‘ اکاؤنٹ ہر شخص کا بنانا ضروری ہے۔ اس کے بغیر سرکاری معاملات انجام نہیں دیے جا سکتے۔ ابشر اکاؤنٹ بناتے وقت وہ موبائل نمبر فیڈ کیا جانا ضروری ہے جو اکاؤنٹ ہولڈر کے اقامے کے ذریعے جاری کرایا گیا ہوـ 

شیئر: