Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمپنی اکاؤنٹ منجمد، کیا کارکنوں کا اقامہ تجدید ہوسکتا ہے؟

خصوصی رعایت صرف بیرون مملکت موجود تارکین کے لیے ہی ہے (فوٹو ایس پی اے)
مملکت میں قانون کے مطابق ایسی کمپنی یا ادارے جہاں مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں ان کے کمپیوٹرعارضی طورپر سیز کر دیے جاتے ہیں جس سے ان کے سرکاری معاملات رک جاتے ہیں۔
اس صورت میں کمپنی یا ادارے کے زیر کفالت کارکنوں کے سرکاری معاملات کی انجام دہی جن میں ان کے اقاموں کی تجدید اور خروج نہائی وغیرہ کے اجرا کی کاررائیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’کمپنی کا اکاؤنٹ سیز ہے کیا کارکنوں کا اقامہ تجدید ہوسکتا ہے؟‘
اس بارے میں جوازات کا کہنا تھا کہ ایسی کمپنی جس کی خدمات منجمد ہوں (اکاونٹ سیز) ان کے زیر کفالت کارکنوں کے اقاموں کی تجدید ممکن ہے۔ کمپنی کی ’ایقاف خدمات ‘ (خدمات منجمد کیا جانا) کی صورت میں اگر سسٹم میں کارکن پرکوئی خلاف ورزی وغیرہ درج نہیں تو اس کا اقامہ تجدید و دیگر کارروائی کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے غیر ملکی کارکنوں پر اگر کوئی خلاف ورزی جن میں ٹریفک خلاف ورزی یا کسی اور قسم کا چالان وغیرہ رجسٹر ہو تو اس صورت میں جب تک جرمانہ ادا نہ کیا جائے یا خلاف ورزی ختم نہ کی جائے اقامہ کی تجدید نہیں کی جاسکتی۔
علاوہ ازیں ایسے کارکنوں کا فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی بھی نہیں لگایا جاسکتا جب تک ان پردرج خلاف ورزی ختم نہ کی جائے۔
خروج نہائی کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ اگر کارکن کے نام سے کسی قسم کی سروسز کا واجب الاد بل، جن میں ٹیلی فون، بجلی یا موبائل فون وغیرہ شامل ہیں، کے علاوہ گاڑی بھی اس کے نام پرہونے کی صورت میں خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا۔ البتہ مذکورہ بالا صورت میں اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے۔
جوازات سے ایک اورشخص نے دریافت کیا کہ ’اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی جو رعایت دی گئی ہے کیا اس سے مملکت میں رہنے والے بھی مستفید ہوں گے جس طرح پہلے کیا گیا تھا؟‘
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک دی جانے والی خصوصی رعایت صرف ان تارکین کےلیے ہے جو خروج وعودہ پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں اور سفری پابندی کی وجہ سے وہ مملکت نہیں آسکتے۔
خصوصی رعایت صرف بیرون مملکت موجود تارکین کے لیے ہی ہے اس سے ممنوعہ ممالک کے وہ شہری جو مملکت میں مقیم ہیں وہ اس سہولت سے مستفید نہیں ہوسکتے۔
واضح رہے کہ ایوان شاہی کی جانب سے گزشتہ برس جب کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں کرفیو اور لاک ڈاون لگایا گیا تھا اس وقت مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے کی مدت میں بھی مفت توسیع کی سہولت فراہم کی گئی تھی تاکہ لوگوں کو آسانی ہو۔

شیئر: