Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر کا پاکستان کا دورہ

عبد اللہ بن محمد الشیخ صدر اور وزیراعظم کے علاوہ دیگر حکومتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر ڈاکٹر عبد اللہ بن محمد الشیخ نے پاکستان کے دورے کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کو قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کی جانب سے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق اس دورے میں سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور دیگر حکومتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
وہ اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، شوریٰ کونسل اور قومی اسمبلی کے درمیان مستقبل کے تعاون، علاقائی اور بین الاقوامی پارلیمانی امور پر بات ہو گی جبکہ رابطہ کاری اور مشترکہ دوستی کی پارلیمانی کمیٹیوں کو فعال کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
قبل ازیں اسی ہفتے سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان نے بھی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو دہشت گرد گروپوں کے لیے پناہ گاہ میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہاں انسانیت کے حوالے سے خراب ہوتی صورت حال کے اثرات پورے خطے کے استحکام پر پڑیں گے۔
سعودی وزیر خارجہ نے افغانستان میں داعش کے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان کے حالات خراب ہوئے تو وہاں افراتفری بڑھے گی جس کے اثرات خطے اور بین الاقوامی طور پر بھی مرتب ہوں گے۔

شیئر: