Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسلاموفوبیا کے خلاف اُمہ کا اتحاد ناگزیر‘

اسد قیصر نے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، فوٹو: سپیکر آفس
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے جمعرات کو چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹرعبداللہ بن محمد الشیخ کی سربراہی میں سعودی پارلیمانی وفد سے ملاقات کی، جس کے دوران دونوں فریقین نے مسئلہ کشمیر اور اسلاموفوبیا سے متعلق بات چیت کی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اسد قیصر نے سعودی وفد کو بتایا کہ کشمیر کے عوام بدترین ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ گذشتہ 122 دن سے کرفیو کے نفاذ کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے گھروں میں مقید ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ مسئلہ کشمیر پر مسلم ممالک کے پارلیمانوں کی فوری کانفرنس بلائی جائے۔  بی جے پی کی حکومت نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے انڈیا میں مسلمانوں پر زندگی کا گھیرا تنگ کر رکھا ہے۔

 

اسلاموفوبیا کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس کے خاتمے کے لیے مسلم ممالک کے مابین اتحاد ناگزیر ہے۔  ناروے میں قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک اور انتہائی شرمناک ہے۔ اس واقعے سے پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی۔ او آئی سی کو  ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔‘
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم  علاقائی وعالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹرعبداللہ بن محمد الشیخ نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کو اپنا مخلص دوست اور بھائی تصور کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق فوری حل چاہتا ہے۔ ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔‘  

اسد قیصر نے سعودی وفد کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بدترین ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، فوٹو: سپیکر آفس

ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ ’کشمیر پر اسلامی ممالک کی پارلیمانی نمائندوں کی کانفرنس بلانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں۔ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔‘
سعودی وفد نے مسلم ممالک میں ہم آہنگی کے فروغ اورامہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب کے عوام پاکستان کو اپنا دوسرا  گھر سمجھتے ہیں۔ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے دونوں ایوانوں کی تجارت کی کمیٹیوں میں مسلسل رابطوں کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب مذہب، اخوت، تاریخ  اور ثقافت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ گہری دلی وابستگی رکھتے ہیں۔‘
’سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی عرب پاکستان کا مخلص دوست ملک ہے اور پاکستان کو سعودی عرب کےساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر:

متعلقہ خبریں