Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک ڈوز سعودی عرب، دوسری پاکستان میں لگوائی، مملکت میں قرنطینہ کرنا ہوگا؟‘

بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ابشر اکاؤنٹ کو فعال بنایا جاسکتا ہے۔ فائل فوٹو: ایس پی اے
سعودی وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسین کے بارے میں لوگوں کا سٹیٹس معلوم کرنے کے لیے ’توکلنا ‘ اور ’صحتی‘ ایپ بنائی گئی ہیں جنہیں اسمارٹ فون پرانسٹال کرنا ہر شخص کے لیے لازمی ہے۔ 
صحتی اور توکلنا ایپ کے ذریعے جہاں عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے پرمٹ حاصل کیا جاتا ہے وہاں اندرون وبیرون ملک سفر کےلیے بھی یہ ایپ کارآمد مانی جاتی ہیں۔ 
توکلنا اور صحتی پر ویکسینیشن کے حوالے سے سرٹیفیکٹ اپ لوڈ کیا گیا ہے جس میں ویکسین لگائے جانے کی تاریخ اور کونسی ویکسین لگائی گئی ہے کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ 
کورونا ویکسین کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’ایک ڈوز سعودی عرب جبکہ دوسری پاکستان میں لگوائی ہے، سعودی جانے کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا؟‘
اس حوالے سے وزارت صحت کے ضوابط واضح ہیں جن کے مطابق وہ افراد جنہوں نے سعودی عرب میں رہتے ہوئے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہیں انہیں قرنطینہ کی حاجت نہیں البتہ وہ افراد جنہوں نے دنوں خوراکیں سعودی عرب میں نہیں لگوائیں ان کے لیے لازمی ہے کہ مملکت آنے پر پانچ دن قرنطینہ کیا جائے۔
مملکت آنے سے قبل ضروری ہے کہ ابشر پلیٹ فارم پرموجود ’قدوم‘ پورٹل میں ویکسین کے بارے میں اندراج کرایا جائے تاکہ امیگریشن کی کارروائی آسان ہو سکے۔
ایسے افراد جو مملکت آنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ قدوم پورٹل پر اپنا اندراج کرائیں اور سعودی عرب آنے کے بعد اپنے موبائل فون پر توکلنا و صحتی ایپ انسٹال کرلیں۔
مذکورہ ایپس کے ذریعے انکا ویکسینیشن سٹیٹس ظاہر ہو جائے گا جس کے بعد انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

صحتی میں موبائل نمبر تبدیل کس طرح کیا جاسکتا ہے؟ 

کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے سعودی وزارت صحت کی ایپ ’صحتی‘ کا لنک ابشر اکاؤنٹ سے ہوتا ہے اس لیے وہ افراد جن کا ابشر اکاؤنٹ نہیں ہے انہیں چاہیے کہ وہ جلد ازجلد اپنا ابشر اکاؤنٹ بنائیں جس میں اپنا ذاتی موبائل نمبر رجسٹر کریں جو انکے اقامے پر جاری کیا گیا ہو۔
صحتی ایپ میں موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کے لیے ابشر کا اکاؤنٹ بنانے کے لیے دو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جنہیں استعمال کرتے ہوئے ابشر اکاؤنٹ بنایا جاسکتا ہے۔

توکلنا اور صحتی پر ویکسینیشن کے حوالے سے سرٹیفیکٹ اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو: ایس پی اے

وزارت داخلہ کی جانب سے مملکت کے تمام شہروں میں موجود جوازات کے دفاتر کے علاوہ مختلف عوامی مقامات پر ابشر میں اکاؤنٹ بنانے کے لیے مخصوص کمپیوٹرائزڈ مشینیں نصب کی گئی ہیں جن کے ذریعے ابشر میں اکاؤنٹ بنایا جاسکتا ہے۔ 
دوسرا آسان طریقہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ابشر اکاؤنٹ کو فعال بنانے کا ہے۔
بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ابشر اکاؤنٹ کو فعال کرنے کے لیے بھی بنیادی شرط ذاتی موبائل سم کی ہے۔
ابشر اکاؤنٹ کو فعال کرنے کے بعد صحتی ایپ موبائل میں انسٹال کرکے اس میں اپنا نیا اکاؤنٹ بنایا جائے جس میں ابشر اکاؤنٹ میں درج کیا گیا موبائل نمبر ہی فیڈ کرنا لازمی ہے۔
صحتی ایپ انسٹال کرنے کے بعد نئے موبائل نمبر کے ذریعے بنایا گیا اکاؤنٹ اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے جسے استعمال کرتے ہوئے ویکسینیشن کا سٹیٹس کی اپ ڈیٹس اور دیگر اہم معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

شیئر: