Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی کو اغوا کرکے اسی دن قتل کیا گیا‘

راولپنڈی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی جنھیں اکتوبر میں اغوا کیا گیا تھا، کو اغوا کے فوراً بعد اسی دن قتل کر دیا گیا تھا۔
ایس پی سٹی رانا عبدالوہاب نے اردو نیوز کو بتایا کہ سابق شوہر رضوان حبیب نے وجیہہ سواتی کے قتل کا اعتراف کرلیا جبکہ ملزم نے جرم کا اعتراف پولیس تفتیش کے دوران کیا۔
ان کے مطابق  وجیہہ سواتی کو 16 اکتوبر کوہی قتل کردیا گیا تھا۔ ملزم رضوان نے اس کی لاش ہنگو میں دفن کی جبکہ ملزم رضوان کے والد کو بھی قتل میں مدد کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
 آر پی او راولپنڈی کی ہدایت پر پولیس ٹیم لاش برآمدگی کے لیے ہنگو روانہ ہوگئی ہے۔
دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی ساجد کیانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وجہیہ سواتی کا کیس زیر تفتیش ہے، زیادہ بات نہیں کرسکتے۔
سی پی او کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو وجیہہ پاکستان آئی اور ان کےشوہر نے انہیں ریسیو کیا جبکہ لکی مروت کے علاقے پیضُو سے وجیہہ کی میت مل گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وجیہہ کیس میں رضوان حبیب، اس کا والد اور ایک ملازم گرفتار ہیں۔
پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی کے اغوا کا مقدمہ رواں سال دو نومبر کو تھانہ مورگاہ میں ان کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ’وجیہہ سواتی 16 اکتوبر 2021 کو برطانیہ سے اپنے بھانجے کے ہمراہ اپنے سابقہ شوہر رضوان حبیب سے کچھ معاملات طے کرنے اور پراپرٹی کی سیٹلمنٹ کی غرض سے پاکستان آئیں۔ انہیں 22 اکتوبر کو واپس برطانیہ لوٹنا تھا۔‘
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’رضوان حبیب وجیہہ سواتی اور ان کے بھانجے کو ڈی ایچ اے راولپنڈی کے ایک گھر لے کر گئے اور انہیں بند کر دیا۔ جب بھانجے کی آنکھ کھلی تو وجیہہ سواتی اور ان کے سابق شوہر وہاں موجود نہیں تھے۔‘
’جبکہ ان کے بھانجے کو بھی ملازموں نے گھر میں لاک کر رکھا تھا لیکن وہ اپنی جان بچاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔‘
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ‘وجیہہ سواتی کے پاس ان کے بھانجے کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ بھی تھا تاہم وہ ایمرجنسی سفری دستاویزات بنا کر 22 اکتوبر کو پاکستان چھوڑ کر برطانیہ لوٹنے میں کامیاب ہوگئے۔‘
بیٹے کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’ان کی والدہ کو اغوا کرنے میں ان کے سابق شوہر ملوث ہیں جبکہ انہیں رضوان حبیب کی جانب سے قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں۔‘
وجیہہ سواتی اپنے تین بچوں کے ہمراہ امریکہ میں رہائش پذیر تھیں جبکہ ان کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے۔
 

شیئر: