Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی نژاد امریکی خاتون کا اغوا، سابق شوہر گرفتار

اغوا کا مقدمہ مغویہ کے بیٹے کی مدعیت میں پاور آف اٹارنی کے ذریعے تھانہ مورگاہ میں درج کیا گیا تھا۔ (فوٹو: پنجاب پولیس)
اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی سے اغوا ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی کے اغوا کے الزام میں پولیس نے ان کے سابق شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
بدھ کو ترجمان پنجاب پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہا ’راولپنڈی پولیس نے وجیہہ سواتی کے سابقہ شوہر رضوان حبیب کو گرفتار کر لیا ہے۔‘
واضح رہے کہ اغوا کا مقدمہ مغویہ کے بیٹے کی مدعیت میں پاور آف اٹارنی کے ذریعے تھانہ مورگاہ میں درج کیا گیا تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے مغویہ وجیہہ سواتی کو جلد از جلد بازیاب کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مغویہ کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔‘
’انہوں نے سی پی او راولپنڈی کو مغویہ کے کیس کی تفتیش کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔‘

پاکستانی نژاد امریکی خاتون اغوا کیسے ہوئیں؟

پاکستانی نژاد امریکی شہری وجیہہ سواتی کے اغوا کا مقدمہ رواں سال دو نومبر کو تھانہ مورگاہ میں ان کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق ’وجیہہ سواتی 16 اکتوبر 2021 کو برطانیہ سے اپنے بھانجے کے ہمراہ اپنے سابقہ شوہر رضوان حبیب سے کچھ معاملات طے کرنے اور پراپرٹی کی سیٹلمنٹ کی غرض سے پاکستان آئیں۔ انہیں 22 اکتوبر کو واپس برطانیہ لوٹنا تھا۔‘
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’رضوان حبیب وجیہہ سواتی اور ان کے بھانجے کو ڈی ایچ اے راولپنڈی کے ایک گھر لے کر گئے اور انہیں بند کر دیا۔ جب بھانجے کی آنکھ کھلی تو وجیہہ سواتی اور ان کے سابق شوہر وہاں موجود نہیں تھے۔‘
’جبکہ ان کے بھانجے کو بھی ملازموں نے گھر میں لاک کر رکھا تھا لیکن وہ اپنی جان بچاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔‘
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ‘وجیہہ سواتی کے پاس ان کے بھانجے کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ بھی تھا تاہم وہ ایمرجنسی سفری دستاویزات بنا کر 22 اکتوبر کو پاکستان چھوڑ کر برطانیہ لوٹنے میں کامیاب ہوگئے۔‘
بیٹے کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’ان کی والدہ کو اغوا کرنے میں ان کے سابق شوہر ملوث ہیں جبکہ انہیں رضوان حبیب کی جانب سے قتل کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی ہیں۔‘
وجیہہ سواتی اپنے تین بچوں کے ہمراہ امریکہ میں رہائش پذیر تھیں جبکہ ان کے شوہر کا انتقال ہو چکا ہے۔

شیئر: