Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ کا آمدن کا نیا ریکارڈ

’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ 15 دسمبر کو ریلیز کی گئی تھی (فوٹو: ویڈیو گریب)
اپنی لانچ کے بعد محض 12 روز کے عرصے میں ہالی وڈ فلم ’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ نے باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔
کسی فلم کی جانب سے ایک ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے کو شائقین اور ناقدین کی جانب سے منفرد ریکارڈ کہا جا رہا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیداشدہ وبائی صورتحال کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے۔
انٹرنیشنل باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زائد آمدن کا سنگ میل عبور کرنے پر فلم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے فینز کا شکریہ ادا کیا گیا۔

’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ کو 17 دسمبر کو امریکہ میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد اب تک اس فلم نے انٹرنیشنل باکس آفس پر ایک ارب روپے سے زائد آمدن کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ فلم ناقدین کا کہنا ہے کہ ابتدائی 12 روز کی کارکردگی اور مزید مقامات پر ریلیز کے بعد فلم کی آمدن نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر فلم سے متعلق اپنی پسندیدگی کا اظہار کرنے والوں نے جہاں اس کی کہانی اور کرداروں پر گفتگو کی، وہیں فلم کی کامیابیوں کو بھی خاص طور پر موضوع بنایا ہے۔
’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھنے والوں کے مطابق یہ رواں برس کی سب سے زیادہ منافع بخش فلم کے ساتھ سب سے پہلے ایک ارب ڈالر آمدن کی حد کو چھونے والی تیسری فلم رہی ہے۔

مارول سٹوڈیوز کی دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر 200 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کی گئی فلم ’سپائیڈر مین نو وے ہوم کو ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے بہترین فلموں کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
میٹاکریٹک نے فلم کو 71 فیصد، روٹن ٹوماٹو نے 93 فیصد اور آئی ایم ڈی بی نے دس میں سے 8.9 کی ریٹنگ دی ہے۔

شیئر: