Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ کے عبیّہ میلے میں اعلی نسل کے 450 گھوڑوں کی شرکت

گھوڑوں کے لیے ایک ملین ریال کے انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔ (فوٹو دیراب ہارس سنٹر)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے قریب الدرعیہ میں 10 جنوری کو گھڑ سواری کے تہوار کے دوسرے ایڈیشن میں 450 سے زائد گھوڑوں کی شرکت متوقع ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اس فیسٹیول کی سرپرستی کریں گے۔
یہ تقریب 'الدرعیہ میں عبیّہ' کے عنوان سے الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک اور دیراب میں کنگ عبدالعزیز عربین ہارسز سنٹر کی نگرانی میں بین الاقوامی گھڑ سواری کے ریزورٹ میں منعقد ہوگی۔
اس تقریب کا مقصد خطے میں گھوڑوں کا سب سے بڑا بین الاقوامی اجتماع ہے، یہاں لائے جانے والے گھوڑوں کے لیے ایک ملین ریال کے انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔
آٹھ روز تک جاری رہنے والے اس میلے میں مختلف قسم کے ایونٹ رکھے گئے ہیں، جن میں 'پرائیڈ آف الدرعیہ' کے عنوان سے اعلی نسل کےعربی گھوڑوں کی نیلامی بھی شامل ہے۔
گھوڑوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا کچھ حصہ خیراتی اداروں کے لیے عطیہ کیا جائے گا۔

گھڑ سواری کی خصوصی کلاسز بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

اس پرکشش تہوار میں منعقد کی جانیوالی دیگر تقریبات میں اعلی نسل کے گھوڑوں کا بین الاقوامی مقابلہ اور عمدہ  نسل کے گھوڑوں کی  نمائش بھی شامل ہے۔
الدرعیہ میں منعقد ہونے والے اس خاص تہوار میں شرکت کرنے والے وزیٹرز کو  شاہ عبدالعزیز اور امام فیصل کے زیراستعمال مشہور گھوڑوں کی نسل کو براہ راست دیکھنے کا موقع ملے گا۔
میلے میں شرکت کرنے والے تمام عمرکے افراد کے لیے یومیہ بنیادوں پر گھڑسواری کی خصوصی کلاسز بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
پیشہ ور گھڑ سوار مرد و خواتین ٹرینرز کے طور پر خدمات فراہم کریں گے۔
آٹزم  کا شکار خصوصی  بچوں کے لیے گھوڑوں کے ساتھ پروفیشنل تھراپی سیشن کا بھی  یہاں خاص طور پر انتظام کیا گیا ہے۔
 
 

شیئر: