Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگر عمران خان نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا: فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی قیادت مایوسی کا شکار ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے کوئی اپوزیشن سے رابطے میں نہیں بلکہ پوری اپوزیشن پی ٹی آئی سے رابطے میں ہے۔
جمعے کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن بکھری ہوئی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھاگے ہوئے ہیں، میدان میں آئیں گے تو ان سے بات ہو گی۔
’سب نے دیکھا کہ کل اپوزیشن اسمبلی میں نہیں آئی۔ اپوزیشن قیادت مایوسی کا شکار ہے۔‘
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ کہہ رہے تھے کہ واپس آ رہے ہیں، جب ہم نے کہا کہ ہم واپس لائیں گے تو صورت حال بدل گئی۔
وفاقی وزیر نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان پر کرپشن کے الزامات ہیں جن کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
منی بجٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ درآمدی اشیا پر ٹیکس عائد کر رہے باقی سب سے ختم کر دیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ’اگر عمران خان نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا۔‘
ملک میں شوبز انڈسٹری کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی فلموں اور ڈراموں کی کہانی ریوائیو کرنے کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے (فوٹو: اے پی پی)

ان کا کہنا تھا کہ مشیر خزانہ نے فلم انڈسٹری کو بچانے کے لیے زبردست اقدامات کیے۔
انہوں نے خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ اور وزیر دفاع رہنے کے باوجود دبئی کی کمپنی کا اقامہ رکھنے والے آج ہمیں بتا رہے ہیں کہ ملک کی سلامتی کو کیسے خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
فواد چوہدری نے نے سندھ حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ بدقسمتی سے سندھ صحت کارڈ کی سہولت سے محروم رہ گیا۔ ’ہم چاہتے ہیں یہ قومی سیاست کریں لیکن یہ ہمیشہ سندھ کارڈ ہی کھیلنا چاہتے ہیں۔‘
فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے درست حکمت عملی کی بدولت کورونا کو شکست دی اور اکانومسٹ جیسے آزاد جریدے نے بھی حکومتی اقدامات کر سراہا۔

شیئر: