Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان، آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی

کندھے کی سرجری کے باعث طویل عرصے تک ٹیم سے باہر رہنے والے سٹار آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہوئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ماہ شیڈول تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سیریز کے لیے ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سلمان علی آغا کو سونپی گئی ہے جو نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دو مرحلوں میں چار اور پانچ جنوری 2026 کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوں گے جہاں انہیں آئی لینڈرز کے خلاف ایک چیلنجنگ سیریز کا سامنا کرنا ہے۔
اس مرتبہ سکواڈ میں چند اہم تبدیلیاں اور دلچسپ اضافے دیکھنے کو ملے ہیں۔ کندھے کی سرجری کے باعث طویل عرصے تک ٹیم سے باہر رہنے والے سٹار آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ اور دیگر مقابلوں میں اپنی کارکردگی سے متاثر کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز خواجہ محمد نافع پہلی مرتبہ قومی ٹی20 سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ ساتھ فخر زمان، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان اور عثمان خان جیسے بلے باز شامل ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں نسیم شاہ، محمد وسیم جونیئر اور عثمان طارق کے ساتھ ساتھ ابرار احمد اپنی جادوئی سپن کا مظاہرہ کریں گے۔
ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عبدالصمد، فہیم اشرف، محمد نواز اور محمد سلمان مرزا بھی شامل ہیں۔
اس دورے کے دوران مائیک ہیسن وائٹ بال ہیڈ کوچ کے طور پر کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے۔
پاک سری لنکا ٹی20 سیریز کے تمام میچز دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کا پہلا مقابلہ سات جنوری کو ہو گا جس کے بعد 9 اور 11 جنوری کو بالترتیب دوسرا اور تیسرا میچ کھیلا جائے گا۔

 

شیئر: