Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں موسلا دھار بارش، گھروں میں پانی بھر گیا، سکول بند

106 افراد کو مختلف مقامات سے نکالا گیا- (فوٹو بشکریہ آر ٹی)
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرح کویت میں بھی ان دنوں موسلا دھار بارش ہورہی ہے اور اس سے سیلاب کی اطلاعات مل رہی ہیں- کویتی سرحدی شہر سلوی میں سیلاب سے سڑکیں زیر آب آگئیں اور شہریوں کے مکانات اور کاروباری مراکز کے تہہ خانوں میں پانی بھر گیا-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق کویتیوں کے  گھروں کے تہہ خانوں میں پانی بھر جانے کے مناظر پر مشتمل وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں- متعدد وڈیوز ایسی بھی سوشل میڈیا پر دیکھی جاسکتی ہیں جن میں گاڑیوں کے پہیے سڑکوں پر کھڑے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں-

بارش کا سلسلہ اتوار کی رات تک جاری رہے گا- (فوٹو طقس الخلیج)

یاد رہے کہ کویت میں سنیچر اور اتوار کی شب موسلا دھار بارش ہوئی- کویتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہورہی ہے- کہیں کہیں درمیانے درجے کی بھی بارش ہے-
موسمیات کے مرکز نے توجہ دلائی ہے کہ آج آدھی رات تک کویت میں بارش ہوتی رہے گی اس کے بعد بارش کا زور ٹوٹنا شروع ہوگا جبکہ کئی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے-
کویتی جریدے الیوم السابع اور آر ٹی کے مطابق کویت نے اعلان کیا ہے کہ سڑکوں اور پلوں کے بند ہوجانے کے باعث تمام سرکاری سکول کل پیر کو بند رہیں گے-

بارش کی وجہ سے پیر کو سکول بند رہیں گے- (فوٹو عاجل)

کویت میں وزیر تعلیم و تربیت ڈاکٹر علی المضف نے توجہ دلائی کہ سکولوں کی صورتحال دریافت کرنے اور درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ذمہ داران ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں-
دوسری جانب کویتی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ 103 درخواستیں مدد کے لیے موصول ہوئیں 106 افراد کو جو بارش کے باعث گھروں اور مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تھے بحفاظت نکال لیا گیا-
 
کویت کی خبروں کے لیے اردو نیوزکویت گروپ جوائن کریں

شیئر: